0
Saturday 13 Feb 2016 00:01

گلگت بلتستان آزاد کشمیر کا نہیں بلکہ مہاراجہ ہری سنگھ کی ریاست کا حصہ رہا ہے، منظور پروانہ

گلگت بلتستان آزاد کشمیر کا نہیں بلکہ مہاراجہ ہری سنگھ کی ریاست کا حصہ رہا ہے، منظور پروانہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان یونائیٹڈ موؤمنٹ کے چیئرمین منظور پروانہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان تنازعہ کشمیر کا اٹوٹ انگ ہے، یہ خطہ آزاد کشمیر کا حصہ نہیں بلکہ مہاراجہ ہری سنگھ کی ریاست جموں و کشمیر کا حصہ رہا ہے، حکومت پاکستان بھی گلگت بلتستان کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتی ہے۔ آزاد کشمیر کی قیادت نے معاہدہ کراچی کے ذریعے گلگت بلتستان کو پاکستان کی نو آبادیاتی نظام کے شکنجے میں کس دیا اور آج جب اسلام آباد گلگت بلتستان کو اپنے اندر جذب کرنے کا سیاسی شوشہ چھوڑتا ہے، تو بھی مظفر آباد اور سری نگر سے گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق نہ دینے کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔ جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کشمیری گلگت بلتستان کی خوشحالی کے دشمن ہیں، نہ وہ خود گلگت بلتستان کے لئے کچھ کر سکتے ہیں اور نہ ہی کسی کو کچھ کرنے دیتے ہے۔ کشمیری رہنماؤں کی سیاسی بیانات نے آج گلگت بلتستان اور کشمیر کے درمیان ایک نفرت کی دیوار کھڑی کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی قوم پرست اور وطن دوست قیادت بالخصوص گلگت بلتستان یونائیٹڈ موؤمنٹ آئینی حقوق اور اقتصادی راہداری کے نام پر ہونے والے چوہے اور بلی کے کھیل کو اچھی طرح سمجھتی ہے، تاہم کشمیر کی سیاسی پنڈتوں نے ایک بار بھی گلگت بلتستان کے حقوق سے محروم عوام کی آتش غضب کا رخ کشمیریوں کی طرف موڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی قیادت اگر گلگت بلتستان سے مخلص اور یہاں کے عوام کی خیرخواہ ہے اور گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ سجھتی ہے تو وہ معاہدہ کراچی کو ختم کرکے گلگت بلتستان کا انتظامی کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لے۔ منظور پروانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان اگر گلگت بلتستان کو پاکستان میں ضم کرنا چاہتی ہے تو معاہدہ کراچی کو ختم کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے کشمیر کیس سے دستبردار ہوجائے، تاکہ نہ بانس رہے اور نہ بجے بانسری، تنازعہ کشمیر کو زندہ و پائندہ رکھ کر نہ گلگت بلتستان کو پاکستان کے اندر جذب کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی گلگت بلتستان پاکستان کا آئینی صوبہ بن سکتا ہے۔ اس وقت، گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر طرز کی ریاستی سیٹ اپ دینا ہی پاکستان، تنازعہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی عظیم تر مفاد میں ہے۔ گلگت بلتستان ایک قومی اکائی ہے اس کی وحدت کو توڑنے اور گلگت بلتستان کی قومی و ریاستی تشخص کو ختم کرکے آئینی صوبہ بنانے کی سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 520388
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش