QR CodeQR Code

ڈاکٹر عاصم کیس، عدالت کا تفتیشی افسر کی رپورٹ قبول کرنے سے انکار

13 Feb 2016 15:15

اسلام ٹائمز: سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے ڈاکٹر عاصم کیخلاف 330 صفحات پر مشتمل جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی، رپورٹ پر رینجرز کے وکیل نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا، جبکہ عدالت نے بھی رپورٹ میں تاریخوں کا اندراج نہ ہونے پر اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے انتہائی قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشتگردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے مقدمے میں تفتیشی افسر کی رپورٹ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشت گردوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما روف صدیقی، ایم کیو ایم کے نامزد مئیر کراچی وسیم اختر اور پاسبان کے عثمان معظم کمرہ عدالت میں موجود تھے، تینوں پر دہشت گردوں کے علاج کیلئے ڈاکٹر عاصم کو فون کرنے کا الزام ہے۔ تفتیشی افسر نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف 330 صفحات پر مشتمل جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر کی رپورٹ پر رینجرز کے وکیل نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا، جبکہ عدالت نے بھی رپورٹ میں تاریخوں کا اندراج نہ ہونے پر اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے وسیم اختر اور رؤف صدیقی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے مقدمے میں مفرور ملزم متحدہ رہنما سلیم شہزاد کی رپورٹ جمع نہ کروانے پر نادرا حکام کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ کیس کی مزید سماعت 22 فروری کو ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 520505

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/520505/ڈاکٹر-عاصم-کیس-عدالت-کا-تفتیشی-افسر-کی-رپورٹ-قبول-کرنے-سے-انکار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org