QR CodeQR Code

بلوچستان کی صورتحال بہتری کیجانب گامزن ہے، جنرل آفتاب احمد

13 Feb 2016 15:31

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جی او سی کے میجر جنرل کا کہنا تھا کہ بلوچستان ملک کا ایک اہم صوبہ ہے۔ جو اپنے محل وقوع اور روایات کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبے میں میرے سروس کے دن یادگار لمحوں میں شمار ہوتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جی او سی میجر جنرل آفتاب احمد خان نے اپنے الوداعی پروگرام کے تحت یونیورسٹی آف بلوچستان کا دورہ کیا۔ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی، ٹریژرار جیند خان جمالدینی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عبدالمالک ترین، ڈاکٹر محمد عالم مینگل، ڈی جی انجینئرنگ فاروق بادینی اور دیگر بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر کے چیمبر میں ملاقات کے دوران میجر جنرل آفتاب خان کو یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی، ترقیاتی اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کی ایک قدیمی اعلٰی تعلیمی درسگاہ ہے۔ جو آرٹس اور سائنس کے مختلف شعبہ جات سمیت اعلٰی تعلیمی ڈگری ایوارڈ کرتی ہے۔ جس کی ملکی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلقات استوار ہیں، اور صوبے کے تمام کالجز یونیورسٹی کے ساتھ منسلک ہیں۔ جو صوبے کے ہزاروں طلباء و طالبات کو نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سمیت کم فیسز میں اعلٰی تعلیم کے مواقع مہیا کررہی ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے میجر جنرل آفتاب خان کے صوبے میں خدمات کو سراہا۔ جس کی کوششوں اور کاوشوں سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر اور تمام اداروں کے ساتھ ان کا تعلقات اور تعاون مثالی رہا۔

جنرل آفتاب احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان ملک کا ایک اہم صوبہ ہے۔ جو اپنے محل وقوع اور روایات کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبے میں میرے سروس کے دن یادگار لمحوں میں شمار ہوتے ہیں۔ تعلیم ہی اقوام کی ترقی کا راز ہے، جسے بروئے کار لاتے ہوئے ہم دنیا کی تیز ترین ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ صوبے میں جامعہ بلوچستان کے تعلیمی خدمات ہمیشہ نمایاں رہی ہیں اور اس کی ترقی کے لئے میری نیک خواہشات اور تعاون ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور مستقبل میں بھی صوبہ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے خوشحالی کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ اس موقع پر دونوں اطراف سے تحائف کا تبادلہ کیا گیا اور جامعہ کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی جانب سے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی اور یونیورسٹی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 520552

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/520552/بلوچستان-کی-صورتحال-بہتری-کیجانب-گامزن-ہے-جنرل-آفتاب-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org