0
Saturday 13 Feb 2016 19:41

سعودی عرب کیساتھ ملکر شام میں زمینی کارروائی کرسکتے ہیں، ترک وزیر خارجہ

سعودی عرب کیساتھ ملکر شام میں زمینی کارروائی کرسکتے ہیں، ترک وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ ترکی کی حکومت نے شام میں زمینی کارروائیاں انجام دینے اور سعودی لڑاکا طیارے ترکی کے انجرلیک ایئر بیس روانہ کئے جانے کی خبر دی ہے۔ ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے ہفتے کے روز اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام کے ایک وفد نے جنوبی ترکی میں واقع شہر آدانا کے اس ایئر بیس کا معائنہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیارے، عنقریب ہی انجرلیک ایئربیس منتقل کر دیئے جائیں گے۔ ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ضرورت پڑنے کی صورت میں ریاض اپنے فوجی شام روانہ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ انہوں نے شام بھیجے جانے والے سعودی لڑاکا طیاروں کی نوعیت اور ان کی تعداد کے بارے میں کچھ بتانے سے انکار کیا۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی عرب ممالک، داعش دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنے کے بہانے شام میں زمینی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم دمشق کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ شام میں کسی بھی ملک کی فوجی موجودگی اس ملک پر جارحیت شمار ہوگی اور دمشق اس کا دنداں شکن جواب دے گا۔ شام کے صدر بشار الاسد نے بھی ایک انٹرویو میں شام میں سعودی عرب اور ترکی کی ممکنہ مداخلت کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شام کی مسلح افواج اس طرح کے اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔ کچھ دنوں قبل شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے بھی کہا تھا کہ دمشق، شام میں کسی بھی غیر ملکی فوجی کی موجودگی کے خلاف ہے اور جارح عناصر کو تابوتوں میں رکھ کر ان کے گھر واپس بھیجا جائے گا۔

دیگر ذرائع کے مطابق ترکی نے کہا ہے کہ ترکی اور سعودی عرب شام میں عسکری کارروائی شروع کرسکتے ہیں، اس حوالے سے حکمت طے کی جا رہی ہے۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق ترکی اور سعودی عرب شام میں فعال انتہا پسند تنظیم داعش کے خلاف زمینی کارروائی شروع کرسکتے ہیں۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض ان جہادیوں کے خلاف کارروائی کے لئے ترک ایئر بیس پر جنگی طیارے بھی تعینات کر رہا ہے۔ ترک وزیر خارجہ کے مطابق اگر حکمت عملی طے پا جاتی ہے تو دونوں ممالک شام میں زمینی کارروائی شروع کرسکتے ہیں۔ سعودی عرب شام میں زمینی کارروائی کے لئے مشروط حامی بھر چکا ہے۔ ادھر امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ امارات بھی داعش مخالف کارروائیوں میں امریکی اتحاد کا ساتھ دیں گے۔ برسلز میں نیٹو حکام سے ملاقات کے بعد جاری بیان میں امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اپنی خصوصی ٹاسک فورس کو داعش کے خلاف شامی اپوزیشن کی مدد اور الرقہ شہر کا قبضہ واگزار کرانے کے لئے بھیجیں گے۔ ایش کارٹر نے بتایا کہ امریکہ موقع اور وسائل فراہم کرےگا، تاکہ الرقہ شہر سمیت شام کے دیگر علاقوں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرایا جاسکے۔ اس سے قبل ایش کارٹر نے متحدہ عرب امارات کے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای نے امریکی قیادت میں داعش کے خلاف اپنے فضائی حملے دوبارہ شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 520664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش