0
Sunday 14 Feb 2016 16:53

پیپلز پارٹی کا ہی احسان ہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہے، مشیر اطلاعات سندھ

پیپلز پارٹی کا ہی احسان ہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہے، مشیر اطلاعات سندھ
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ یہ پیپلز پارٹی کا ہی احسان ہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہے، ورنہ وہ تو انتخابات سے ہی بھاگ گئے تھے۔ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، پیپلز پارٹی کے سوا کوئی جماعت جمہویت کیلئے قربانیاں نہیں دے سکتی، ہر دور میں پیپلز پارٹی کے خلاف نئی نئی شکلوں سے سازشیں کی جاتی ہیں، اگر پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی چیز نہیں ملتی، تو ایان علی کو کھڑا کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سازش ہوئی ہے، وفاقی پاکستان خطرے میں رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان پورے ملک کیلئے ہے، لیکن اس کا جاہ و جلال صرف سندھ میں نظر آتا ہے، جہاں دہشت گردوں کی تربیت ہو، وہاں پر کچھ بھی نہیں ہوتا۔ مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ تھر کی زندگی صدیوں سے بدحال ہے، جتنی آسانیاں اس وقت تھر میں ہیں، وہ پہلے ممکن نہیں تھیں، تھر کے لوگوں کو مفت گندم کی فراہمی پیپلز پارٹی کا کمال ہے، پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، ہمیں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروئیوں پر فخر ہے، ہم آپریشن کی حمایت کرتے رہے، اور اس کی رہنمائی کرتے رہے، لیکن اس پر اپنی تنقیدیں بھی برداشت کرتے رہے، ہم پر لاکھ الزام لگائے جائیں، لیکن دہشتگردی کا الزام پیپلز پارٹی پر نہیں لگا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدلیہ سمیت تمام ارباب اختیار سے کہتے ہیں کہ سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ تحقیقات کے نام پر ڈاکٹر عاصم کو 90 روزہ تحویل میں رکھا گیا، لیکن اس سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا، اب عزیر بلوچ نام کا ایک شخص سامنے لایا گیا ہے، جس پر کئی مہینوں سے گفتگو ہو رہی ہے، لیکن اسے ایسے پیش کیا جا رہا ہے، جیسا کہ وہ کل ہی گرفتار ہوا ہے، شرجیل میمن ملک سے باہر ہیں، پھر بھی ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، شرجیل میمن نے ذاتی معاملات کے باعث وزارت سے استعفیٰ دیا، لیکن اب بھی رکن سندھ اسمبلی ہیں، وہ جلد ہی وطن واپس آئیں گے، اور اوپر عائد جھوٹے الزامات کا سامنا کریں گے۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ضیاءالحق نے پیپلز پارٹی کے خلاف مصنوعی تجزیہ کاروں کی ایک فوج کھڑی کر دی تھی، جن کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو پر انتہائی گھٹیا الزام لگائے گئے، وہ معاملہ نہیں چلا، تو یہ بھی نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں ایسے لوگ بھی ہیں کہ جو وفاق کی مضبوطی چاہتے ہیں، اور سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو امن دینا چاہتے ہیں، لیکن اس حکومت میں ایسے وزیر بھی ہیں، جن کا چہرا سندھ اور بلوچستان کا نام سن کر بدل جاتا ہے، اور ان کے لہجوں میں تلخی آ جاتی ہے، ایک وفاقی وزیر اکثر سندھ میں آکر اپنے بیانات سے آگ لگا جاتے ہیں، وہ وزیر اعظم کو کہتے ہیں کہ ایسے لوگ ان کے رشتہ دار اور وفادار نہیں ہیں۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ جب خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ وفاق کے خلاف نکلے، تو نواز شریف کو بہت برا لگ رہا تھا، جب ان کے بھائی نکلے، تو وزیراعظم صاحب نے انہیں کیوں نہیں روکا، سندھ میں انہوں نے حالات ایسے ہی کر دیئے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ انتہائی شریف انسان ہیں، اس لئے انہوں نے ابھی کوئی جلوس نہیں نکالا، ان کے جلسے نے تو مخالفین کے صرف گھر ہی جلائے، لیکن ہمارا جلوس انہیں بہت تکلیف دے گا۔

مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کا ہی احسان ہے کہ آج مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہے، ورنہ وہ تو انتخابات سے ہی بھاگ گئے تھے، انہیں آصف زرداری ہی واپس لائے تھے، چوہدری نثار کہتے ہیں کہ جن سے اختلاف کرتا ہوں، ان کی دم پر پیر آجاتا ہے، ایسے کون سے مخالفین ہیں، جن کی دم انہوں نے دیکھی، ایسے لب و لہجہ پر وہ حیران ہیں، وہ پرویز رشید سے کہتے ہیں کہ وہ اپنے وزراء سے کہیں کہ میٹھا بولیں، اپنی زبان کو تلخ نہ رکھیں، وہ غصہ کر سکتے ہیں، لیکن باپ کی طرح بات کریں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ دشمن کی طرح نہیں، پیپلز پارٹی سکڑ نہیں گئی، بلکہ ان کا شعور اور آنکھ کا پانی سوکھتا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی سازشوں کا مقابلہ کرکے یہاں تک پہنچی ہے، مائیک کے سہارے زندہ رہنے والی جماعتوں کی حقیقت جلد کھل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت بلاول بھٹو زرداری کرتے رہیں گے، اور آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی تمام تجزیوں کو غلط ثابت کر دے گی، ہمیں اتنا تنگ کریں کہ جتنا آپ برداشت کرسکیں، آپ کا جلوس کچھ بھی نہیں کر سکا، ہمارا جلوس آپ کو پریشان کر دے گا، ہم اس راستے پر نہیں چلنا چاہتے کہ جس سے پاکستان کی سلامتی کو خطرہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 520831
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش