0
Monday 15 Feb 2016 18:25

صوبے میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے، صرف داعش کا نام استعمال کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

صوبے میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے، صرف داعش کا نام استعمال کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے، صرف داعش کا نام استعمال کیا جارہا ہے، خدا کا شکر ہے کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے امن قائم ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس میں مسجد، آڈیٹوریم، پیٹرولیم، نیچرل گیس، مکینیکل، الیکٹریکل اور دیگر شعبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کونسل آف کامن انٹرسٹ کا اجلاس ہوگا جس میں وفاق سے سندھ کے تمام تر حقوق اور مسائل پر بھرپور بات چیت کی جائے گی، صحت اور تعلیم صوبائی معاملات ہیں، سندھ کے حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے وفاق سے محبت کے ساتھ تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں اور قانون اور آئین کے تحت ہمیں اپنا حق ملنا چاہیے یہ حق ہم لے کر رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عظیم لیڈر تھے جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنایا، پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ وہ تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بلا تفریق خدمت کرے، مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی کیمپس جیکب آباد، مٹھی، عمر کوٹ میں بھی قائم کیے جائیں گے جو سندھ حکومت کی بڑی کامیابی اور کارکردگی ہے، سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ صوبے کے تمام شہروں اور تعلقوں میں کالج اور اسکول قائم ہوں، سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کو بہتر فروغ دیا جائے، کراچی کے بعد خیرپور آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بڑا ضلع ہے جس کے لیے اس شہر کو اتنا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خیرپور میں مہران انجینئرنگ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹوکیمپس ایک خواب تھا جو آج پورا ہونے جارہاہے، جلد اس کیمپس کو یونیورسٹی کا درجہ دلایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 521109
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش