QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی شیروں کی حکومت آنے والی ہے، بلال اعجاز شفیع

15 Feb 2016 18:53

اسلام ٹائمز: پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں ن لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کے لئے سندھ کے وزراء نے ہمارے قائدین کے خلاف بیانات اور دھمکیوں کی جو زبان اختیار کی ہے وہ پیپلز پارٹی کا اعتراف شکست ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) مرکز کے ساتھ تمام صوبوں میں بھی حکومتیں بنائے گی۔ وفاق کو آنکھیں دکھانے والوں کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست نظر آ رہی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے وزیراعلی سندھ اور سندھ کابینہ کا ارکان کی جانب سے وفاق اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزور طاقت سندھ کے حقوق لینے کی باتیں کرنے والوں نے گذشتہ سات سالوں میں سندھ کے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ سندھ کے عوام افریقی ممالک کے عوام کی طرح بد ترین صورتحال سے دوچار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ تمام اکائیوں کو برابر کے حقوق دیئے، وزیر اعظم پاکستان کی اولین ترجیح چھوٹے صوبوں کی ترقی ہے۔ آزاد کشمیر میں اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کے لئے سندھ کے وزرا نے ہمارے قائدین کے خلاف بیانات اور دھمکیوں کی جو زبان اختیار کی ہے وہ پیپلز پارٹی کا اعتراف شکست ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں ڈویژنل جوائنٹ سیکریٹری نور خان اخوند زادہ، ڈویژنل رابطہ سیکریٹری وحید جان، سینئر صوبائی رہنما اقبال خاکسار، چوہدری نواز، خلیل بلوچ، شاہد تاج، نوید خان، ثنا اللہ، ناصر سردار خان اور افضل بلوچ کے ساتھ ملاقات میں پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں کے دھمکی آمیز بیانات اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سینیٹر پرویز رشید، ڈاکٹر آصف سعید کرمانی، سینیٹر مشاہد اللہ کے خلاف بے بنیاد الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے شیر اگلے انتخابات میں آزاد کشمیر میں واضح اکثریت سے کامیاب ہونگے اور گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر کے عوام بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے اپنے سیاسی خاتمے کے قریب ہے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے بعد سندھ کے عوام بھی پیپلز پارٹی کی سیاست کو مسترد کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 521117

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/521117/گلگت-بلتستان-کے-بعد-ا-زاد-کشمیر-میں-بھی-شیروں-کی-حکومت-ا-نے-والی-ہے-بلال-اعجاز-شفیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org