0
Tuesday 16 Feb 2016 18:12

ایران کیساتھ معاہدے کی موجودگی میں قطر سے گیس لینے کا فیصلہ درست نہیں، معصوم نقوی

ایران کیساتھ معاہدے کی موجودگی میں قطر سے گیس لینے کا فیصلہ درست نہیں، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے کہا ہے کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی موجودگی میں قطر سے گیس کے معاہدے پر شکوک و شبہات یقین میں بدل رہے ہیں، لگتا ہے کہ حکومت امریکی اور سعودی دباو کیساتھ کمشن مافیا کے چنگل میں بھی پھنسی ہوئی ہے، وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت گرانے میں اہم کردار ادا کرنیوالے سیف الرحمان کا سیاسی تحرک اور معاہدے میں کردار سے معاملات مزید سنگین نظر آرہے ہیں، بغیر کسی دباؤ کے پاکستان غیر جانبدارانہ اقتصادی پالیسیاں جاری رکھے مگر ثابت ہو رہا ہے کہ امریکی سعودی خواہشات کی تکمیل میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک پیج پر ہیں۔ جے یو پی لاہور کے اجلاس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت اور اعلیٰ فوج کے باعث پاکستان نہ صرف امت مسلمہ بلکہ دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور اس پر قوم کو فخر بھی ہے مگر قبضہ اور کمشن مافیا سے ملک کو نجات دلانے کیلئے سیاسی اور مذہبی قوتوں کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے جوکہ کہیں نظر نہیں آ رہی کیونکہ مولانا شاہ احمد نورانی اور نوابزادہ نصراللہ خان جیسی شخصیات کسی جماعت میں نہیں جو سب کو اکٹھا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت میں ہیں تو آصف علی زرداری بھی عسکری اداروں کیخلاف بیان کے بعد سے ملک سے بھی فراری اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے حصے کی گیس پائپ لائن مکمل کر چکا ہے، اور اس وقت دونوں برادار اسلامی ممالک کے صدور آصف علی زرداری اور محمود احمدی نژاد نے اکٹھے گیس پائپ لائن کا افتتاح بھی کیا تھا جبکہ ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد تھیں، اب ایران پہلے سے زیادہ اقتصادی اور سفارتی سطح پر مضبوط اہمیت رکھتا ہے، اقتصادی پابندیاں بھی اٹھ چکی ہیں، پھر بھی قطر سے گیس منگوانے کی کیا ضرورت تھی؟ جبکہ یہ گیس ایران سے زیادہ مہنگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی غیر جانبدارانہ اقتصادی پالیسیوں کو جاری رکھنا چاہیے، امریکہ اور سعودی عرب کے دباو میں آنے کی ضرورت نہیں جوکہ ہر آنیوالی حکومت کا مسئلہ رہا ہے کہ ان دو ممالک کی جائز ناجائز خواہشات کے سامنے ڈھیر ہو جاتی ہے، اس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں ایک پیج پر نظر آتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 521409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش