0
Wednesday 17 Feb 2016 23:21

قوم کے اربوں روپے ڈکارنے والوں سے چند کروڑ وصول کر کے انہیں کلین چٹ تھما دی جاتی ہے، سراج الحق

قوم کے اربوں روپے ڈکارنے والوں سے چند کروڑ وصول کر کے انہیں کلین چٹ تھما دی جاتی ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم کی طرف سے نیب کے خلاف کاروائی کی دھمکی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سربراہ حکومت اداروں کو ڈرانے دھمکانے پر اتر آئیں تو شفاف اور غیر جانبدار احتساب کی امید کیسے کی جاسکتی ہے۔ اقتدار میں موجود پارٹیاں اپنے اپنے کارندوں کو بچانے کی کوشش میں لگی ہوئی ہیں۔ نیب کو آزادی سے کام کرنے کا موقع نہ دینا اور آئینی اداروں پر قدغن لگانا آئین و قانون کی بالا دستی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو نیب سے اصل شکایت یہ ہے کہ وہ آئین و قانون کے بجائے پسند اور ناپسند کی بنیاد پر فیصلے کرتا ہے جس کو چاہتا ہے کٹہرے میں کھڑا کر دیتا ہے جبکہ بڑے بڑے مگر مچھوں کی اربوں روپے کی کرپشن کی فائلیں سال ہا سال سے دبا رکھیں ہیں، ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاتی۔ قوم کے اربوں روپے ڈکارنے والوں سے چند کروڑ وصول کر کے انہیں کلین چٹ تھما دی جاتی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس صورتحال کا جائزہ لیکر اسے بدلنے کا فیصلہ کیا ہے، ہماری جدوجہد کسی فرد کے خلاف نہیں بلکہ اداروں کی بہتری اور بحالی کیلئے ہے۔ میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ آئین ملک کو بچانے کیلئے کرپشن اور بدیانتی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کریں تا کہ اس ناسور کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اب کرپشن اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، اداروں کی مکمل تباہی سے پہلے ہمیں ان کو بچانے کی فکر کرنی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 521716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش