QR CodeQR Code

نیب فقط پیپلز پارٹی کے پیچھے پڑا ہوا ہے، سینیٹر سعید غنی

17 Feb 2016 23:53

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ نیب صرف پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کیخلاف کارروائیوں میں مصروف ہے، دوسری طرف ایسے بہت سے واضح کیسز موجود ہیں، جن پر نیب کو کارروائی کرنی چاہیے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی نے وزیراعظم نواز شریف کے نیب کے متعلق بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غیر جانبدار اور شفاف احتساب پر یقین رکھتی ہے، لیکن احتساب اداروں کے حوالے سے جو پیپلز پارٹی کو خدشات رہے ہیں، اب ان کا اظہار دیگر جماعتیں بھی کر رہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف نے بھی احتساب کمیشن کے قوانین میں تبدیلی کی، خیبرپختونخوا حکومت کو بھی یہ شکایت تھی کہ احتساب کمیشن روز مرہ کے معاملات میں رکاوٹ بن رہا ہے، اور وہاں کی بیوروکریسی مفلوج ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہی باتیں پیپلز پارٹی اور اس کے رہنما کرتے ہیں، تو انہیں بے جا تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، لیکن اب وہی باتیں دیگر جماعتیں بھی دوہرا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ نیب فقط پیپلز پارٹی کے پیچھے پڑا ہوا ہے، اور اسکے رہنماؤں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے، دوسری طرف ایسے بہت سے واضح کیسز موجود ہیں، جن پر نیب کو کارروائی کرنی چاہیے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، بہت سارے معاملات میں نیب اپنے اختیارات سے تجاوز بھی کرتا رہا ہے، یہ ضروری نہیں کہ نیب کے ہر کام سے بہتری آئے، بلکہ حقیقتاً خرابیاں بھی پیدا ہو رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 521731

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/521731/نیب-فقط-پیپلز-پارٹی-کے-پیچھے-پڑا-ہوا-ہے-سینیٹر-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org