QR CodeQR Code

بدعنوان شخص کہیں بھی ہو کارروائی ہونی چاہیئے، خورشید شاہ

20 Feb 2016 13:34

اسلام ٹائمز: سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سنئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کو نیب کی پنجاب میں کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں، ایل این جی دنیا میں وافر مقدار میں موجود ہے، لیکن حکومت نے ایک ہی ملک سے 1500 ملین کا معاہدہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سنئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کو نیب کی پنجاب میں کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں، بدعنوان شخص کہیں بھی ہو کارروائی ہونی چاہیئے، وزیراعظم کو اس قسم کی باتیں نہیں کرنی چاہیئے۔ سندھ کے ضلع سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے، تمام ادارے پارلیمنٹ کو جواب دہ ہیں، پٹھان کوٹ حملے کے معاملات کا علم نہیں، پٹھان کوٹ کے معاملے پر پارلیمنٹ کو بریف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ملک کے ہوتے ہیں، کسی سیاسی جماعتوں کیلئے نہیں، لیکن کسی بھی معاملے پر اقتدار اور اپوزیشن میں ہمارا مؤقف الگ الگ ہو جاتا ہے۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ہم نے 2008ء میں اقتدار میں آنے کے بعد نیب کو ختم اور احتساب کمیشن بنانے کی بات کی تھی، 2008ء میں نیب کیلئے بجٹ میں رقم نہیں رکھی تھی، نیب کا طریقہ کار ٹھیک کیا جائے، کسی ملزم کو 2 سال بعد بے گناہ قرار دے دینا ٹھیک نہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب میں کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں، بدعنوان شخص کہیں بھی ہو، کارروائی ہونی چاہیئے، وزیراعظم کو اس قسم کی باتیں نہیں کرنی چاہیئے، انہیں چیئرمین نیب کے وزیراعظم سے ملاقات کے انکار کا علم نہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہم ایل این جی کی درآمد کے مخالف نہیں، اس کو لانے کے طریقہ کار کے خلاف ہیں، ہم ایل این جی کیلئے 2 سال سے لڑ رہے ہیں، ایل این جی دنیا میں وافر مقدار میں موجود ہے، لیکن حکومت نے ایک ہی ملک سے 1500 ملین کا معاہدہ کیا، اگر ہم دیگر ممالک سے بھی اس سلسلے میں بات کرتے، تو یقینی طور پر ہمیں فائدہ ہی ہوتا۔


خبر کا کوڈ: 522244

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/522244/بدعنوان-شخص-کہیں-بھی-ہو-کارروائی-ہونی-چاہیئے-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org