0
Sunday 21 Feb 2016 19:47

دمشق، زینبیہ میں بم دھماکے، 62 افراد شہید 200 سے زائد زخمی

دمشق، زینبیہ میں بم دھماکے، 62 افراد شہید 200 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی شہر زینبیہ میں کئی بم دھماکوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زینبیہ شہر میں کم سے کم تین دھماکے ہوئے ہیں، جن میں باسٹھ افراد شہید اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جس مقام پر یہ دھماکے ہوئے ہیں اس سے کچھ فاصلے پر پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نواسی سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کا روضہ واقع ہے۔ تکفیری دہشت گرد گروہ اس سے پہلے بھی نواسی رسول سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے روضے پر حملے کی ناپاک کوشش کرچکا ہے۔ گذشتہ مہینے اسی علاقے میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ساٹھ بےگناہ شہری شہید ہوگئے تھے۔ داعش دہشت گرد گروہ نے اس گھناونے فعل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس سے پہلے اتوار کی صبح حمص کے نواحی شہر الزہراء میں ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں ستاون افراد جاں بحق اور سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ تازہ موصولہ اطلاعات کے مطابق دہشتگرد گروہ داعش نے زینبیہ اور حمص میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق دمشق کے نواح میں واقع سیدہ زینب کے علاقے میں "صدر" کلینک کے قریب چند بم دھماکے ہوئے ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ان بم دھماکوں کے نتیجے میں 62 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ شام کے سرکاری ٹی وی نے ان بم دھماکوں کی تعداد تین بتائی ہے، جو زینبہ میں واقع خیابان "التین" میں ہوئے ہیں۔ شام میں موجود انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے ذرائع نے ان بم دھماکوں کی تعداد چار بتائی ہے۔ بعض دیگر ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان دھماکوں میں سے تین خودکش حملے جبکہ ایک کار بم دھماکہ تھا۔ ادھر شام کے سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے "العہد" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتداء میں دو خودکش حملہ آوروں نے اپنے آپکو لوگوں کی بھیڑ میں پھٹایا۔ اس کے بعد جب لوگ وہاں پر جمع ہوئے تو قریب ہی کھڑی ایک کار بھی دھماکے سے پھٹ گئی۔
خبر کا کوڈ : 522685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش