0
Monday 22 Feb 2016 12:38

450 ارب روپے کی کرپشن، ڈاکٹر عاصم کیخلاف نیب کی مکمل انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش

450 ارب روپے کی کرپشن، ڈاکٹر عاصم کیخلاف نیب کی مکمل انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو نے ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کرپشن سمیت دیگر الزامات سے متعلق انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے انتہائی قریبی ساتھی اور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن، منی لانڈرنگ، زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کمیشن لینے جیسے کیسز میں انکوائری مکمل کرتے ہوئے رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرا دی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عاصم نے قومی خزانے کو 450 ارب روپے کا نقصان پہنچایا، جبکہ ان پر زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ، منی لانڈرنگ، کرپشن اور کمیشن لینے جیسے سنگین الزامات ہیں۔

احتساب عدالت کے جج نے نیب سے استفسار کیا کہ ڈاکٹر عاصم کو گرفتار کئے ہوئے اتنے دن گزر گئے، اب تک ریفرنس دائر کیوں نہیں کیا گیا، جس پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 29 فروری تک کا وقت ہے، اس لئے سپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کیلئے 3 دن کی مہلت دی جائے، جس پر ڈاکٹر عاصم کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگر ریفرنس فائل نہیں کیا گیا، تو ان کے موکل کو حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں، کسٹڈی صرف تفتیش کیلئے ہوتی ہے، اور نیب کے مطابق تفتیش مکمل ہے، تاہم عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کو 5 مارچ تک نیب ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے آئندہ سماعت پر ریفرنس طلب کرلیا۔

سماعت کے دوران ڈاکٹر عاصم کے وکیل کا کہنا تھا کہ نیب کے تفتیشی افسر کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے خلاف انکوائری مکمل ہوگئی، تو عدالتی حکم کے باوجود ان کی سرجری نہیں کی جا رہی۔ وکیل نے عدالت میں جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ کا لیٹر پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے دوسرے ڈاکٹرز سے علاج کرانے کا کہا ہے، اور عدالتی حکم اور ڈاکٹروں کی سفارشات کے باوجود ان کی سرجری کیوں نہیں کرائی جا رہی، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ڈاکٹر عاصم کو ڈاکٹر ہارون کی رپورٹ کے مطابق طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
خبر کا کوڈ : 522780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش