0
Tuesday 23 Feb 2016 08:43

شام میں سعودی ترک مشترکہ زمینی آپریشن کا امکان نہیں،ترکی زمینی کارروائی میں شرکت نہیں کرینگے، بحرین

شام میں سعودی ترک مشترکہ زمینی آپریشن کا امکان نہیں،ترکی زمینی کارروائی میں شرکت نہیں کرینگے، بحرین
اسلام ٹائمز۔ ترک وزیر خارجہ مولوت چائو شوگلو نے کہا ہے کہ شام میں ترکی اور سعودی عرب کے مشترکہ زمینی آپریشن کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ترک وزیر خارجہ مولوت چاؤ شوگلو نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ اس طرح کی کسی ایسی پیش قدمی شروع کرنے سے قبل ان تمام ممالک کی رضامندی ضروری ہے، جو "اسلامک اسٹیٹ" کے خلاف قائم امریکی فوجی اتحاد میں شامل ہیں۔ انقرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چاؤ شوگلو نے کہا کہ شام میں روسی فضائی حملے وہاں فائر بندی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ترک وزیر کے بقول شامی اپوزیشن ایک عارضی فائر بندی کے امکانات کے بارے میں بات چیت کے لئے منگل کو ریاض میں ملاقات کر رہی ہے۔

ادھر بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بحرین شام میں کسی طرح کی زمینی کارروائی میں شرکت نہیں کرے گا۔ مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ "خالد بن احمد آل خلیفہ" نے کہا ہے کہ بحرین، داعش اور دہشت گرد مخالف اتحاد کا ایک حصہ ضرور ہے اور اس سلسلے میں اپنا رول بھی ادا کر رہا ہے لیکن شام میں زمینی کارروائی کے سلسلے میں ہر ملک اپنے وسائل و ذرائع کی بنیاد پر عمل کرتا ہے اور بحرین اپنی فوج کے شام بھیجے جانے کی کوئی وجہ بھی نہیں سمجھتا۔ خالد بن احمد نے بڑی طاقتوں کے کردار کی اہمیت اور خاص طور پر شام کی میدانی تبدیلیوں پر روس کے اثر انداز ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام میں فوجی کارروائی کے حوالے سے روس اور امریکہ کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے حال ہی میں شام میں زمینی کارروائی کے لئے بحرین سمیت کچھ ممالک کی فوجیں، شام بھیجے جانے کی خبر دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 523057
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش