QR CodeQR Code

لاہور،امریکی قونصلیٹ کا گاڑی اور ڈرائیور پولیس کے حوالے کرنے سے انکار،امریکی سفیر کی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات،لاہور کے واقع پر تبادلہ خیال

29 Jan 2011 13:50

اسلام ٹائمز:امریکی قونصلیٹ کے حکام سے گلشن راوی کے رہائشی عبادالرحمان کو کچل کر ہلاک کرنے والی گاڑی اور ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا گیا تھا جس پر قونصلیٹ کے حکام نے کہا کہ عبادالرحمان کو کچلنے والی گاڑی نہ تو انکی تھی اور نہ انکا کوئی ڈرائیور اس میں ملوث ہے


 لاہور:اسلام ٹائمز-لاہور میں امریکی قونصلیٹ نے نوجوان عبادالرحمان کو کچل کر ہلاک کرنے والی گاڑی اور ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ ایس پی سول لائن عمر سعید کے مطابق امریکی قونصلیٹ کے حکام سے گلشن راوی کے رہائشی عبادالرحمان کو کچل کر ہلاک کرنے والی گاڑی اور ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا گیا تھا جس پر قونصلیٹ کے حکام نے کہا کہ عبادالرحمان کو کچلنے والی گاڑی نہ تو انکی تھی اور نہ انکا کوئی ڈرائیور اس میں ملوث ہے۔ اس سے پہلے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ امریکی قونصلیٹ کے حکام ڈرائیور اور گاڑی جلد پولیس کے حوالے کر دیں گے۔ دوسری طرف پولیس نے فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوانوں کے خلاف دو درخواستیں وصول کی ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے مرنے سے کچھ دیر پہلے موبائل اور بیس ہزار روپے چھینے تھے جبکہ پولیس کے مطابق مقتولین کی جیب سے صرف ساڑھے آٹھ ہزار روہے برآمد ہوئے۔ 
ادھر سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر سے امریکی سفیر کیمرون منٹر نے ملاقات کی،جس میں لاہور واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب دفتر خارجہ نے بھی امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں لاہور میں امریکی سفارت کار کے ہاتھوں پاکستانی نوجوانوں کے قتل کے واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر نے امریکی سفیر کو بتایا کہ لاہور واقعے پر کارروائی قانون کے مطابق کی جارہی ہے۔
دوسری جانب دفتر خارجہ نے ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے کوئی بات زبانی کلامی نہیں کی جائیگی، جو بات کی جائے گی تحریری طور پر کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 52323

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/52323/لاہور-امریکی-قونصلیٹ-کا-گاڑی-اور-ڈرائیور-پولیس-کے-حوالے-کرنے-سے-انکار-سفیر-کی-سیکرٹری-خارجہ-ملاقات-واقع-پر-تبادلہ-خیال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org