0
Wednesday 24 Feb 2016 23:30

بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تربیت یافتہ 3 دہشتگرد 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے

بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے تربیت یافتہ 3 دہشتگرد 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت حاصل کرنے والے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے سندھ سیکریٹریٹ، پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد فہیم، ریاض اور ناصر کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا، عدالت نے تینوں دہشتگردوں کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا۔ جس کے بعد عدالت نے کرکے 90 روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا، گرفتار دہشتگرد بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت یافتہ اور سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھتے ہیں۔ دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے سخت حفاظتی انتظامات میں رینجرز کے حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ رینجرز کے کرنل شاہد نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت یافتہ 3 گرفتار دہشتگردوں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جنھوں نے دوران تفتیش بہت سے انکشافات کئے ہیں، جس کے بعد مزید تحقیق کیلئے عدالت سے ان کا 90 روز کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ کرنل شاہد کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشتگردوں میں فہیم، ریاض اور ناصر شامل ہیں، جنہوں نے دوران تفتیش بھارت میں ہتھیار چلانے اور جسمانی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ملزم فہیم نے کراچی میں بال بم دھماکوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد کے قتل کا اعتراف کیا، اس کے علاوہ دہشتگرد نے 7 سے 8 راکٹ فائر کرنے کا بھی اعتراف کیا، جس سے سندھ سیکریٹریٹ کی بلڈنگ کو نقصان پہنچا، اور شہر میں خوف و ہراس پھیلا۔ کرنل شاہد نے کہا کہ دہشتگرد فہیم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن پر بھی راکٹ لانچر سے حملہ کیا، اس کے علاوہ دہشتگرد 2011ء میں سینٹرل جیل توڑنے کی منصوبہ بندی میں بھی شامل رہا، جبکہ فہیم نے چائنا کٹنگ اور زمینوں کی غیر قانونی ہیرا پھیری میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا۔

کرنل شاہد نے کہا کہ دوسرے گرفتار دہشتگرد ناصر عرف ہجی کا تعلق بھی ایک سیاسی جماعت کے یونٹ 32 لیاری سیکٹر سے ہے، اور اس نے 4 لوگوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے، جن میں مخالف پارٹی کے کارکنان اور اپنی جماعت کا ایک ساتھی بھی شامل تھا، اس کے علاوہ دہشتگرد نے جبراً کھالیں چھیننے اور بھتہ خوری کا بھی اعتراف کیا ہے۔ کرنل شاہد نے کہا کہ گرفتار دہشتگرد ریاض عرض لکڑ کا تعلق بھی سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے یونٹ 31 لیاری سیکٹر سے ہے، ریاض نے بھی ایک درجن سے زائد قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا، مخالف پارٹی، مذہبی و سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور لسانی بنیادوں پر اغوا کے بعد قتل کی وارداتیں شامل ہیں، دہشتگرد ریاض نے 1995ء میں نشتر روڈ پر گرینیڈ حملے کا بھی اعتراف کیا، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے، ریاض نے لی مارکیٹ اور بلوچ مارکیٹ کے علاقوں میں بھی دستی بم حملے کرنے کا اعتراف کیا ہے، ریاض نے ایک سیاسی جماعت کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے ہوائی فائرنگ، خوف و ہراس پھیلانے اور سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔ کرنل شاہد نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انھوں نے رینجرز کی ہیلپ لائن پر تعاون کیا، شہریوں کے تعاون سے خطرناک اور مطلوب ملزمان کو پکڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے ساتھ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا، اور جو لوگ شہر کی صورت حال کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم ان تک پہنچیں گے اور امن و امان کی صورت حال پر قابو پائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 523474
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش