0
Friday 26 Feb 2016 08:31

ملک کیخلاف سازشیں کرنے والوں سے نرمی برتنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، راجناتھ سنگھ

ملک کیخلاف سازشیں کرنے والوں سے نرمی برتنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، راجناتھ سنگھ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی امور داخلہ کے مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں اس بات کو واضح کیا ہے کہ نئی دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی معاملے میں جو کوئی بھی قصوروار ہوگا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تاہم وزیر داخلہ نے اس بات کا یقین دلایا کہ جے این یو واقعے کے سلسلے میں کسی بھی طالبعلم کو خوامخواہ پریشان نہیں کیا جائے گا جس کیلئے دہلی پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی ملک کے خلاف نعرے بازی میں ملوث ہونگے ان کو معاف کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے چاہیے وہ کس طبقے سے بھی وابستہ ہوں۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ بے قصورووں کو بھی اس معاملے میں پھنسایا جارہا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق رواں ماہ کی 9 تاریخ کو نئی دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں پیش آئی صورتحال پر مرکزی حکومت و دہلی پولیس کی طرف سے اختیار کئے گئے سخت موقف کے تناظر میں بھارتی امور داخلہ کے مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف سازشیں کرنے والے اور نعرے بازی کرنے والوں کو کسی بھی طور برداشت نہیں کیا جائے گا اور ناہی ان عناصر کی طرف آنکھیں بند کی جائیں گی جنہوں نے مبینہ طور سے جے این یو میں ملک مخالف نعرے بازی میں حصہ لیا۔

وزیر داخلہ نے اس بات کو واضح کیا کہ کسی کو بھی ملک کے خلاف نعرے بازی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں اس طرح کی صورتحال پیدا کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پارلیمنٹ میں ممبران کی طرف سے جے این یو میں پیش آئے حالیہ واقعے اور اس سلسلے میں طلبہ لیڈر و دوسرے طلبہ کو گرفتار کرنے کے معاملے کو اٹھانے کے جواب میں امور داخلہ کے وزیر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اس بارے میں پوری قانونی لواز مات کے تحت ہی کاروائی شروع کی گئی اور دہلی پولیس قانون کے تقاضوں کے تحت ہی صرف ان طلبہ و ان کے حمائتیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف ہیں جن کے خلاف اس بات کے پکے ثبوت ہیں کہ انہوں نے ملک دشمنی کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی یونیورسٹی ہو یا کوئی اور تعلیمی ادارے ہوں ان کو ملک دشمن سرگرمیوں کا اڈہ بننے نہیں دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بارے میں مرکزی حکومت کی پالیسی واضح اور صاف ہے۔ راجناتھ سنگھ نے اس تاثر کو بھی غلط قرار دیا کو دہلی پولیس جانبدار ی سے کام لے رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 523612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش