0
Saturday 27 Feb 2016 12:08

ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشت گردی کیخلاف ضرب علم وامن کا آغاز کیا، ڈاکٹر حسین محی الدین

ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشت گردی کیخلاف ضرب علم وامن کا آغاز کیا، ڈاکٹر حسین محی الدین
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن فیڈرل کونسل کے مرکزی صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہو رہا، افواج پاکستان اس کا نوٹس لے، انقلاب پاکستان کا مقدر ہے، موجودہ حکمرانوں کو فرسودہ انتخابی نظام کے ذریعے نہیں ہٹایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو کرپشن، دہشت گردی اور فرسودہ نظام کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہو گا، پاکستانی حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے کہ ہمسایہ ملک انڈیا ڈاکٹر طاہر القادری کے لکھے ہوئے نصاب امن کو سرکاری نصاب میں شامل کر رہا ہے۔ سفیر امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوج نے ضرب عضب اور ڈاکٹر طاہر القادری نے ضرب علم وامن کا آغاز کیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے سب سے پہلے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کی، اس وقت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتیں کہہ رہی تھیں کہ آپریشن سے خون کی ندیاں بہیں گی اور دہشت گرد خودکش حملے تیز کر دیں گے، بعض موقع پرستوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں اور حکومت کے درمیان ہم مذاکرات کرواتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ حکمران ایکشن پلان پر لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ دہشت گردوں کا صفایا ہوا تو ان کی سیاست بھی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ لینے والے سب سے زیادہ مدرسے پنجاب میں ہیں لیکن آپریشن سندھ میں ہو رہا ہے ۔ حکمران اگر قوم سے مخلص ہیں تو فی الفور ڈاکٹر طاہرالقادری کے نصاب امن کو سرکاری نصاب میں شامل کریں ۔ فیصل آباد میں منعقد ہونے والی تقریب سے صوبائی صدر بشارت عزیز جسپال، انجینئر رفیق نجم، ہدایت رسول قادری، کاشف محمود اور دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 523890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش