0
Saturday 29 Jan 2011 13:31

کوئٹہ،علمدار روڈ پر کار بم دھماکہ،2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی،ایس پی شعبان علی محفوظ رہے

کوئٹہ،علمدار روڈ پر کار بم دھماکہ،2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی،ایس پی شعبان علی  محفوظ رہے
 کوئٹہ:اسلام ٹائمز-کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے میں علمدار روڈ پر ایک گاڑی میں دھماکے سے سات افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ پولیس افسر ایس پی شعبان علی کی گاڑی کے قریب ہوا، تاہم وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سوزکی ہائی روف میں نصب تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، زخمی ہونے والوں میں ایس پی شعبان کے محافظ بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ایس پی شعبان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کا ٹارگٹ میں تھا۔ جیسے ہی گاڑی سے باہر نکلے دھماکہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کئی اہم مجرموں کو پکڑا ہے، دھماکہ اسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں چار محافظ اور دو راہگیر زخمی ہوئے۔
جنگ نیوز کے مطابق کوئٹہ میں عملدار روڈ پر ہونیوالے کار بم دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں اور 3 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق علمدار روڈ پر دھماکہ صبح تقریباً پونے گیارہ بجے وہاں پہلے سے کھڑی کار میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق جس وقت دھماکہ ہوا اسی وقت ایس پی انوسٹی گیشن پولیس کوئٹہ سٹی شعبان علی قریب نیچاری گلی میں واقع اپنے گھر سے نکل کر اپنی گاڑی میں سوار ہو کر دفتر جانے کیلئے عملدار روڈ پر پہنچے تھے، دھماکے کے نتیجے میں ایس پی کی سرکاری گاڑی میں سوار ان کے دو سکیورٹی گارڈ سمیت دو راہگیر شخص اور تین بچے زخمی ہو گئے، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد پولیس حکام اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ ریمورٹ کنٹرول نہیں تھا بلکہ یہ کمانڈ ڈیٹو نیٹنگ سسٹم کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مشاہدے کے مطابق دھماکے میں واضح طور پر ایس پی انوسٹی گیشن کو نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب دھماکے میں زخمی ہونیوالے افراد کی حالات خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 52438
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش