0
Thursday 3 Mar 2016 08:49

اسلام کے خلاف بد زبانی کرنے والے بھاجپا لیڈر پر سخت کارروائی کی جائے، مولانا قاسمی

اسلام کے خلاف بد زبانی کرنے والے بھاجپا لیڈر پر سخت کارروائی کی جائے، مولانا قاسمی
اسلام ٹائمز۔ کرناٹک کے شمالی کینرا حلقے سے بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڈے کے اسلام کے تعلق سے توہین آمیز بیان پر سخت اعتراض کرتے ہوئے معروف بھارتی عالم دین اور ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرار الحق قاسمی نے کہا ہے کہ بی جے پی لیڈرکویا تواسلام کی تعلیمات سے واقفیت نہیں ہے یا وہ معاشرے میں نفرت اور دوری کو بڑھاوا دینے کے لیے بے ہودہ باتیں کررہے ہیں۔ واضح ہوکہ مذکورہ ممبر پارلیمنٹ اپنے جارحانہ بیانات اور تقریروں کے حوالے سے مشہور ہیں اور انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے دنیا میں دہشتگردی کے پھیلنے کا ذمہ دار اسلام کو قرار دیا اور کہا کہ جب تک اسلام ہے، اس وقت تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔

مولانا قاسمی نے کہا کہ جب سے بھارت میں بی جے پی حکومت آئی ہے، اس پارٹی کے وزراء سمیت سارے بڑے چھوٹے لیڈران بدزبانی اور ملک میں منافرت پھیلانے میں سرگرم ہیں، انھوں نے آگرہ میں وی ایچ پی لیڈر کے قتل کے بعد ایک پروگرام میں مرکزی وزیر رام شنکر کٹھیریا اور مقامی لیڈران کے ذریعے مسلمانوں کو کھلا چیلنج دینے پر بھی سخت تشویش اور ناراضگی جتائی۔ مولانا قاسمی نے اس صورتحال کو ملک کی داخلی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر پر لگام ڈالے، ورنہ اس کا نتیجہ ملک کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔

مولانا قاسمی نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور ہمارے ملک کا باوقار دستور سارے شہریوں کو یکساں حقوق دیتے ہوئے ایک دوسرے کے مذہب اور مذہبی جذبات کے احترام کی تلقین کرتا ہے، ایسے میں کسی بھی شخص کا ایک خاص مذہب اور اس کے ماننے والوں کو نشانہ بنانا ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ مولانا اسرار الحق نے دہشتگردی اور اسلام کے حوالے سے کہا کہ اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے، جس نے ایک انسان کے قتل کو پوری دنیا اور پوری انسانیت کا قتل قرار دیتے ہوئے لوگوں کو اس سے سختی سے روکا ہے اور اسلام کے تو معنیٰ ہی سلامتی اور امن و آشتی ہیں، ایسے میں اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا اور عوام کو گمراہ کرنے کی مہم چلانا نہایت ہی گھناؤنی اور ذلیل حرکت ہے۔
خبر کا کوڈ : 525076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش