QR CodeQR Code

آج دنیا میں یمنی عوام سے زیادہ مظلوم کوئی نہیں

اسرائیل اور سعودی عرب لبنان میں فرقہ وارانہ فسادات شروع کروانے کی سازش کر رہے ہیں، سید حسن نصراللہ

حزب اللہ لبنان ہرگز یمن کے خلاف انجام پانے والے سعودی جارحانہ اقدامات پر خاموش نہیں رہے گی

سايت خبری Al Alam , 2 Mar 2016 21:51

اسلام ٹائمز: حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ آل سعود آل یہود گٹھ جوڑ لبنان میں شیعہ سنی فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی سازش میں مصروف ہیں اور سعودی حکومت کی جانب سے معروف شیعہ عالم دین آیت اللہ باقر النمر کی شہادت اسی منحوس سازش کا حصہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کل رات لبنان اور خطے کی سیاسی صورتحال کے بارے میں ایک اہم خطاب کیا، جس میں انہوں نے تاکید کی کہ اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم اور آل سعود رژیم خطے میں وسیع پیمانے پر فرقہ وارانہ جنگ شروع کروانے کی سازش پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے معروف شیعہ عالم دین آیت اللہ باقر النمر کو شہید کیا جانا اسی منحوس سازش کا حصہ ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا: "اسرائیل، سعودی عرب اور بعض دوسرے ممالک لبنان میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان فرقہ وارانہ جنگ شروع کروانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ کیا ایسی صورتحال میں ہمیں ان کے اہداف کی تکمیل میں مدد فراہم کرنی چاہئے۔؟" سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان نے mbc چینل کی جانب سے توہین آمیز رویہ اختیار کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان نے اس کے خلاف مظاہروں کی کال نہیں دی اور موجودہ صورتحال میں ہماری پہلی ترجیح ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کا سڑکوں پر آنا قومی مفاد کے حق میں نہیں، لہذا اس قسم کے اقدامات سے گریز کیا جائے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے لبنان آرمی کی فوجی امداد منقطع کئے جانے کا مقصد بھی لبنان میں فرقہ واریت کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سعودی حکومت نے فوجی امداد منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے، بعض خلیجی ریاستوں کی جانب سے لبنان کے خلاف شدید پروپیگنڈے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد لبنان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

یمنی قوم دنیا کی مطلوم ترین قوم ہے:
سیکرٹری جنرل حزب اللہ لبنان سید حسن نصراللہ نے یمن کے خلاف سعودی جارحیت اور جنگی جرائم کے ارتکاب کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "سعودی حکومت ہر روز یمنی عوام کا قتل عام کر رہی ہے اور عالمی برادری نے اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ لیکن ہم ان مجرمانہ اقدامات پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ میں نے اپنی زندگی میں اگر کوئی عظیم کام انجام دیا ہے تو وہ یمن کے خلاف سعودی جارحیت کے دوسرے روز میری تقریر تھی۔ آج دنیا میں یمنی عوام سے زیادہ مظلوم کوئی نہیں۔ یمنی عوام سعودی جارحیت کے باعث مظلومیت کا شکار ہیں۔ عرب دنیا کی جانب سے یمن کے خلاف سعودی عرب کے جارحانہ اقدامات پر خاموشی اختیار کرنے کا مطلب آل سعود رژیم کو دیگر ممالک کے خلاف فوجی جارحیت کا جواز فراہم کرنا ہے اور یہ امر کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں کہ سعودی عرب کو کسی دوسرے ملک پر فوجی جارحیت کا جواز فراہم کیا جائے۔" سید حسن نصراللہ نے یمن میں سعودی جنگی جرائم کی اطلاع رسانی کو ایک جہادی عمل قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ یہ کام درحقیقت یمن کے مظلوم عوام کا دفاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمنی عوام فلسطینیوں سے بھی زیادہ مظلوم قرار پائے ہیں کیونکہ ان پر ہونے والا ظلم و ستم عالمی میڈیا میں ظاہر نہیں کیا جاتا اور اس پر پردہ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان ہرگز یمن کے خلاف انجام پانے والے سعودی جارحانہ اقدامات پر خاموش نہیں رہے گی اور کوئی اسے ہمارا جرم سمجھتا ہے تو ہمیں اس جرم پر فخر ہے۔


خبر کا کوڈ: 525110

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/525110/اسرائیل-اور-سعودی-عرب-لبنان-میں-فرقہ-وارانہ-فسادات-شروع-کروانے-کی-سازش-کر-رہے-ہیں-سید-حسن-نصراللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org