0
Thursday 3 Mar 2016 07:16
مقاومتی تنظیم حزب اللہ صیہونیوں کیلئے ایک بڑا خطرہ سمجھی جاتی ہے

حزب اللہ کو دہشتگرد قرار دینے والے قابل مذمت ہیں، وہ خود ہی بدنام اور رسوا ہونگے، ہاشم صفی الدین

حزب اللہ کو دہشتگرد قرار دینے والے قابل مذمت ہیں، وہ خود ہی بدنام اور رسوا ہونگے، ہاشم صفی الدین
اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کی ایگزیکیٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین نے حزب اللہ کے خلاف علاقائی یلغار پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ المنار چینل کی رپورٹ کے مطابق ہاشم صفی الدین نے بدھ کے روز حزب اللہ کے شہید کمانڈر علی فیاض کے جلوس جنازہ میں تقریر کرتے ہوئے صیہونی حکومت کا مقابلہ کرنے کے بارے میں کہا کہ حزب اللہ بدستور صیہونیوں کے لئے ایک بڑا خطرہ سمجھی جاتی ہے اور جو بھی اس کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے، اس کو اپنے اندازوں اور خیالات پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ جس نے بھی حزب اللہ پر یلغار کر کے اس کو دہشت گرد قرار دیا درحقیقت وہ خود قابل مذمت ہے، اس نے اپنے مقاصد کو عیاں کر دیا ہے اور اسی طرح وہ خود کو بدنام اور رسوا کرے گا۔ واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ کے وزرائے داخلہ نے بدھ کے روز حزب اللہ لبنان کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ادھر شام نے حزب اللہ لبنان کے خلاف خلیج تعاون کونسل کے اقدام کی مذمت کی ہے۔ شام کی نیوز ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز خلیج تعاون کونسل کی جانب سے حزب اللہ لبنان کا نام دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام علاقے کی تبدیلیوں میں سعودی عرب کی بےچارگی کو ظاہر کرتا ہے۔ شام کی وزارت خارجہ سے وابستہ ایک ذریعے نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف روشن حققیت کو تبدیل نہیں کرے گا بلکہ اس نے فلسطین، مزاحمت اور شام کے خلاف خلیج تعاون کونسل کی بہت سے سازشوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاراللہ یمن نے عرب لیگ کے وزرائے داخلہ کے حزب اللہ لبنان کو دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کو صیہونی حکومت اور علاقے میں جرائم پیشہ گروہوں کی مفت خدمت قرار دیا ہے۔ العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل نے بدھ کی رات ایک بیان میں امریکہ، صیہونی حکومت اور آل سعود حکومت کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے حزب اللہ لبنان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ تحریک انصار اللہ یمن نے بدھ کے روز بھی یمن کی مظلوم قوم کی حمایت میں حزب اللہ کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے سید حسن نصر اللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام سعودیوں کے حملوں کے مقابل ملت یمن کے دفاع میں آپ کے موقف اور حق گوئی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ عرب ملکوں کے وزرائے داخلہ کی کونسل نے تیونس میں ہونے والے اپنے تینتیسویں اجلاس میں حزب اللہ لبنان کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا اور صیہونی و تکفیری دہشت گردی کے خلاف اس کے مقابلے اور لڑائی کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ مبصرین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عرب لیگ کے وزرائے داخلہ کی کونسل نے یہ فیصلہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دباؤ پر صیہونی و تکفیری دہشت گردی کی حمایت کے مقصد سے کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 525226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش