0
Friday 4 Mar 2016 10:31

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان شہید
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں تین کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے محمد اسحاق پرے، آصف احمد میر اور عاشق حسین بٹ کو ضلع کے علاقے ترال میں ڈاڈسرا کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک گھر پر گولہ باری کر کے شہید کیا۔ مقامی لوگوں نے تباہ شدہ مکان کے ملبہ سے لاشیں نکالیں، تلاشی کی کارروائی کے دوران کئی علاقوں میں فائرنگ اور شیلنگ بھی کی گئی، جبکہ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عسکریت پسند تھے جو فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔ کشمیری واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے جس کے بعد مظاہرین کی بھارتی فوجیوں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہو گئے، بعد ازاں شہید ہونے والے نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

حریت رہنماؤں فردوس احمد شاہ، محمد رفیق گنائی اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے کارکنوں سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے عاشق حسین بٹ اور آصف احمد میر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ لوگوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں زبردست نعرے لگائے۔ حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایسے ہتھکنڈے استعمال کر کے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے نہیں روک سکتا۔ حریت رہنمائوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام بند کرایا جائے، ہم اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے، کشمیر کی مکمل آزادی اور بھارتی فوج کے انخلا تک تحریک جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 525413
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش