0
Friday 4 Mar 2016 19:46

کراچی میں نامعلوم افراد کا پُرتشدد احتجاج، میڈیا پر حملے، سخت کشیدگی

کراچی میں نامعلوم افراد کا پُرتشدد احتجاج، میڈیا پر حملے، سخت کشیدگی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مصروف ترین اور کاروباری علاقوں میں نامعلوم مشتعل افراد کے دکانوں، گاڑیوں اور لوگوں پر حملوں کے بعد شہر بھر میں سخت کشیدگی پھیل گئی، صدر، ایم اے جناح روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کاروبار اور دکانیں بند کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالات معمول کے مطابق رواں دواں تھے کہ اچانک مصروف ترین کاروباری علاقے صدر، ایم اے جناح روڈ، نمائش چورنگی، گل پلازہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں نامعلوم افراد حرکت میں آگئے، اور نجی نیوز چینل آج ٹی وی کے کراچی اور لاہور کے دفاتر پر اچانک ہلا بول ڈالا، نامعلوم مشتعل افراد کی جانب سے نیوز کے دفتر اور اسٹاف پر پتھراؤ کیا گیا، جس سے دفتر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ کوریج کیلئے موجود دیگر نیوز چینلز بھی پُرتشدد مظاہرے کی لپیٹ میں آگئے، اور ایکسپریس نیوز کی گاڑی اور عملے کو بھی نقصان پہنچا، مشتعل افراد نے وین پر ڈنڈے برسائے اور لائٹیں توڑ دیں، مشتعل افراد نے نمائش چورنگی پر احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کی، جس سے ٹریفک جام ہوگیا۔

پولیس کی جانب سے حالات قابو کرنے کے انتظامات دھرے رہ گئے، ایس ایس یو کمانڈوز مظاہرین کو دیکھ کر بھاگ گئے، ہنگامی حالات کنٹرول کرنے کیلئے 200 کمانڈوز کو تعینات کیا گیا تھا۔ مشتعل افراد نے نہ صرف میڈیا بلکہ موبائل مارکیٹ میں بھی توڑ پھوڑ مچائی اور لوگوں کو بلاوجہ زودکوب کیا۔ دکانوں اور دکان داروں کی سیکیورٹی کیلئے موجود پولیس کمانڈوز ان نامعلوم مشتعل افراد کے سامنے بے بس نظر آئے، اور مٹی کی دیوار ثابت ہوئے۔ صدر، ایم اے جناح روڈ اور اطراف کے علاقوں میں کشیدگی کے باعث بدترین ٹریفک جام رہا، اور دفاتر سے گھروں کو جانے والے افراد اذیت میں مبتلا رہے۔ ایمبولینسز بھی بدترین ٹریفک کا نشانہ بنیں۔ مشتعل افراد کی جانب سے صدر میں قائم سینما کو بھی نشانہ بنانے اور جلانے کی کوشش کی گئی۔ مشتعل ہجوم کو بازاروں اور دکانوں کی جانب آتا دیکھ کر صدر موبائل مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، گل پلازہ، لائٹ ہاؤس اور ایم اےجناح روڈ پر ہر طرح کی کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔
خبر کا کوڈ : 525508
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش