QR CodeQR Code

مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کل الطاف مخالف ایک اور اہم پریس کانفرنس کرینگے

6 Mar 2016 22:16

اسلام ٹائمز: متحدہ کے باغی رہنماؤں نے 3 مارچ بروز جمعرات کو پاکستان واپسی پر کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ کو خیرباد کرکے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا، وہیں انہوں نے الطاف حسین پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ ہونے سمیت کئی سنگین الزامات عائد کئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کے باغی رہنما اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال اور متحدہ کے سابق ڈپٹی کنونیئر انیس قائم خانی نے کل اہم پریس کانفرنس کا اعلان کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے کل کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک اور اہم پریس کانفرنس کا اعلان کیا ہے، جس میں وہ الطاف حسین کے خلاف مزید انکشافات کریں گے۔ دوسری جانب مصطفیٰ کمال نے عوام سے رابطے کیلئے سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر اپنے اکاؤنٹ بنا لیئے ہیں، جس پر ان کے چاہنے والے اور ان کی نئی پارٹی میں شمولیت کے خواہش مند انہیں فالو کر سکتے ہیں، جبکہ مصطفیٰ کمال کی موجودہ رہائش گاہ کے باہر پوسٹر بھی لگائے گئے ہیں، جس میں ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی آئی ڈیز درج ہیں۔ واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے 3 مارچ بروز جمعرات کو پاکستان واپسی پر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنی رہائش گاہ پر دھواں دھار اہم پریس کانفرنس کی تھی، جس میں ایک طرف انہوں نے ایم کیو ایم کو خیرباد کرکے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا، وہیں دوسری طرف انہوں نے متحدہ قائد الطاف حسین پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ ہونے سمیت کئی سنگین الزامات عائد کئے تھے، جس کے بعد سے پاکستانی سیاست میں ہلچل پیدا ہو چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 525934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/525934/مصطفی-کمال-اور-انیس-قائم-خانی-کل-الطاف-مخالف-ایک-اہم-پریس-کانفرنس-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org