0
Tuesday 8 Mar 2016 18:42

ملک میں حقیقی جمہوریت نہ لائی گئی تو نوجوان تشدد کی طرف مائل ہو جائیں گے، سراج الحق

ملک میں حقیقی جمہوریت نہ لائی گئی تو نوجوان تشدد کی طرف مائل ہو جائیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ کینیڈا کے فسٹ سیکرٹری (پولیٹیکل اینڈ پبلک آفیئر) ڈین ہیبرٹ نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاست نظریات کے گرد گھومتی ہے۔ پاکستان میں کرپشن عروج پر ہے اس کو دیانتدار قیادت ہی ختم کرے گی۔ انتخابی عمل جمہوری سے زیادہ تجارتی ہے۔ جس کے پاس اربوں روپے نہیں وہ سیاست نہیں کر سکتا۔ ہم انتخابی کرپشن کو بہت سارے مسائل کی جڑ سمجھتے ہیں، پارٹیوں کے اندر بھی الیکشن کمیشن بنا کر الیکشن کرائے جائیں کیونکہ انٹراپارٹی الیکشن میں بھی جہاز اور ہیلی کاپٹر کا استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حقیقی جمہوریت نہ لائی گئی تو نوجوان تشدد کی طرف مائل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کو بحال کیا جائے تا کہ قیادت سازی ہو۔ معاشی ناہمواری طلبہ اور نوجوانوں کو مایوس کر رہی ہے، ہم ہر مارشل لاء سے تشدد اور غیر جمہوری اقدامات کے خلاف ہیں اور آئین پر مکمل عملدرآمد پر یقین رکھتے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ خطے کا حقیقی مسئلہ، مسئلہ کشمیر ہے باقی سارے مسائل مصنوعی و علاقائی اور عالمی قوتوں کے پیدا کردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، یہ مسئلہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ہے۔ دنیا کو اس سے آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے دینی اور ماڈرن تعلیم کو الگ الگ کر کے پولرائزیشن پیدا کی ہے ہم اس کو یکجا کر کے معاشرتی تقسیم کو ختم کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کے حقوق کے علمبردار ہیں۔ ان کو عزت اور وقار کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر محفوظ اور خوشحال بنائیں گے۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 526277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش