0
Thursday 10 Mar 2016 08:45

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت ریزی میں ملوث، کنہیا کمار

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت ریزی میں ملوث، کنہیا کمار
اسلام ٹائمز۔ حال ہی میں غداری کے الزام میں زیر حراست رہنے والے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طالب علم لیڈر کنہیا کمار نے فوج کو کشمیری خواتین کی عصمت ریزی میں ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور آرمڈ فورسز سپیشل پاﺅرس ایکٹ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔ ابھی منگل کو خواتین کا عالمی دن منایا گیا اور اس دن کی مناسبت سے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار سمیت طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنہیا کمار نے ایک مرتبہ پھر کشمیر کا ذکر کیا اور اب کی بار خواتین کے حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات کا برملا اظہار کیا کہ سیکورٹی فورسز کشمیری خواتین کی عصمت ریزی میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا ”میں یہاں سے کہہ دینا چاہتا ہوں، تم لاکھ کوشش کرو، ہم انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے، ہم فوج کا احترام کرتے ہوئے یہ بولیں گے کہ کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے“۔ انہوں نے کہا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فورسز کو حاصل خصوصی اختیارات سے متعلق قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاﺅرس ایکٹ کے خلاف بھی صدائے احتجاج بلند کریں گے۔ کنہیا کمار کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں بلند کئے گئے نعروں کے خلاف مارچ کرنے والے لوگ ایک خاص نظریہ رکھتے ہیں اور وہ سینا کا بھیس اختیار کرکے لوگوں کو حب الوطنی کا پاٹ پڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ کنہیا کمار کو 9 فروری کے روز یونیورسٹی میں محمد افضل گورو کے حق میں منعقدہ تقریب کے بعد 12 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 526605
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش