0
Friday 11 Mar 2016 19:07

جمہوریت کے نام پر 68 سال سے ملک پر بدترین شخصی آمریت مسلط ہے، سراج الحق

جمہوریت کے نام پر 68 سال سے ملک پر بدترین شخصی آمریت مسلط ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ مالی بدعنوانی کو دہشت گردی قرار دیکر کرپشن کرنے والوں پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے ان کی تمام جائیدادیں بحق سرکار ضبط کی جائیں، اور عوام کی لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے۔ ایک ایک شخص قومی خزانے کے اربوں روپے لوٹ کر عیش و عشرت کی زندگی گزار رہا ہے۔ حکومت میں شامل کرپٹ مافیا بڑے بڑے مگر مچھوں کو بچانے کے لیے تگ و دو کر رہا ہے۔ پنجاب کوئی جزیرہ نہیں جہاں نیب کاروائی نہیں کرسکتا، کرپٹ حکمرانوں اور وزیروں مشیروں کو نہیں تو کیا نیب ریڑھی بانوں اور رکشہ والوں کو پکڑے گا۔ جس نے بھی اس ملک کو لوٹا ہے نیب کو اس کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کی آزادی ہونی چاہئے۔ حکمرانوں کے آمرانہ رویے نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں وہ جمہوریت کے نام پر ایک دھبہ ہیں اور ایسے لوگوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ ملک میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جمہوریت کے نام پر 68 سال سے ملک پر بدترین شخصی آمریت مسلط ہے۔ اربوں روپے خرچ کر کے اسمبلیوں میں پہنچنے والے غریب عوام کے نمائندے نہیں ہوسکتے۔ ریمنڈ ڈیوس کو فرار کرانے اور ممتاز قادری کو پھانسی پر لٹکانے والے کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت کو اسلام سے دور کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ''اداروں کی خود مختاری ''کے نام پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط کرپٹ اشرافیہ نے عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ کرپشن کے اژدھے مسلسل عوام کو ڈس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بے اختیار ادارے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکتے، یہ ادارے حکمرانوں کے غلام ہیں اور انہی کے اشاروں پر ناچتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ کرپٹ عناصر نے اداروں کو پنپنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ جمہوریت، سیاست اور معیشت کرپشن کی دلدل میں دھنس چکی ہے، ملک میں مالی کرپشن کے ساتھ ساتھ انتخابی اور اخلاقی کرپشن کا دور دورہ ہے، اسی لئے کروڑوں عوام تعلیم، صحت، روز گار اور چھت سے محروم ہیں جبکہ آئین ریاست کو پابند کرتا ہے کہ وہ تمام شہریوں کو بنیادی ضروریات اور زندگی گزارنے کے یکساں مواقع مہیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت کے لوٹے گئے 375 ارب ڈالر غیر ملکی بنکوں سے ملکی بنکوں میں منتقل ہو جائیں تو ہمیں کسی بیرونی قرضے کی ضرورت نہیں رہتی بلکہ ہم آسانی کے ساتھ آج تک لیئے گئے قرضے واپس کر کے آزادی اور خود مختاری سے زندگی گزارنے کے قابل ہو سکتے ہیں اور عوام کو بھی زندگی کی تمام سہولتیں مہیا کی جاسکتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 526814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش