0
Monday 31 Jan 2011 12:52

پشاور میں خودکش دھماکہ، ڈی ایس پی سمیت 6 افراد جاں بحق،پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ،2 اہلکار زخمی

پشاور میں خودکش دھماکہ، ڈی ایس پی سمیت 6 افراد جاں بحق،پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ،2 اہلکار زخمی
پشاور:اسلام ٹائمز-پشاور میں کوہاٹ روڈ پر پولیس کی گاڑی پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کوہاٹ روڈ پر علاقہ گڑھی قمر دین میں ڈی ایس پی رشید خان کی گاڑی پر خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا، جس میں ڈی ایس پی سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں میں ڈی ایس پی کا محافظ بھی شامل ہے۔ ایل آر ایچ ذرائع کے مطابق دھماکے میں دس افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے سے قریبی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پ ولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کی عمر سترہ سال تھی۔ ڈی سی او سراج احمد نے کہا ہے کہ حملہ آور پیدل آیا تھا۔ اے آئی جی ملک شفقت نے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے دھماکے کے شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ دھماکے میں سات کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ سینئر وزیر خیبر پختونخوا بشیر بلور نے کہا ہے کہ دھماکے میں ڈی ایس پی اور ڈرائیور سمیت چھ افراد شہید ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔
جنگ نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے قمر دین گڑھی میں ایک خودکش حملے میں ڈی ایس پی بڈھ بیر رشید خان سمیت چار افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ ڈی ایس پی بڈھ بیر رشید خان کی گاڑی جونہی قمر دین گڑھی کے وخو پل کے قریب پہنچی تو ایک خودکش حملہ آور نے گاڑی کے قریب آ کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے میں ڈی ایس پی رشید خان اور ان کے دو محافظ جاں بحق اور ایک راہ گیر جاں بحق جبکہ پندرہ افراد زخمی ہو گئے سات زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچا دیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ باقی زخمیوں کو قریبی اسپتال میں مرہم پٹی کے بعد فارع کر دیا گیا۔ ڈی سی او پشاور سراج احمد نے بتایا کہ ایل آر ایچ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈی ایس پی رشید خان پر اس سے قبل گلبہار کے علاقے میں بھی حملہ ہوا تھا جس میں وہ بچ گئے تھے تاہم دوسرے خودکش حملے کا شکار ہو گئے۔
ادھر پشاور میں ایک بار پھر پولیس کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ پشاور کے نواحی علاقے پشت خرہ میں پولیس کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم سڑک کنارے پر نصب تھا۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لئے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 52691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش