0
Sunday 13 Mar 2016 13:33

ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کیخلاف احتجاج کا عندیہ دیدیا

ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کیخلاف احتجاج کا عندیہ دیدیا
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی کی بڑی وجہ ’کے فور‘ منصوبے پر عمل درآمد نہ کرنا ہے، سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کے فور منصوبے پر عمل درآمد کیلئے مختص رقم جلد از جلد جاری کی جائے، اگر کے فور منصوبہ مکمل نہ ہوا، تو ہم احتجاج کریں گے، چاہے اس کیلئے ہمیں وزیراعلیٰ ہاؤس ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ ’صاف کراچی مہم‘ کے دوران ضلع جنوبی کی یوسی 23 نانک واڑہ میں صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے فاورق ستار نے کہا کہ ’کے فور‘ منصوبے پر عمل درآمد سے کراچی کو 240 ملین گیلن اضافی پانی ملنا تھا، ’کے فور‘ پر 25 ارب روپے خرچ ہوں گے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں ’کے فور‘ منصوبے کی رقم جلد جاری کریں، کیونکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ سنگین صورت حال اختیارکرتا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے، اور کراچی کے پیسے سے میٹرو بنائی جا رہی ہے، اب ہمیں اپنے حق کیلئے نکلنا ہوگا اور دھرنے بھی دینے ہوں گے، ہم جمہوری احتجاج کے ذریعے حکومت کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔

نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم صفائی مہم میں پرائیویٹ طور پر منگوائی گئی چھوٹی مشینری کا استعمال کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے صفائی مہم میں تعاون نہ کرکے ایم کیو ایم کو ہی نہیں کراچی کے عوام کو دھوکا دیا ہے، اور انھیں ایک مرتبہ پھر مایوس کر دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے صفائی مہم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم میں سندھ حکومت کی عدم توجہی ظاہر کرتی ہے کہ اسے کراچی اور یہاں کے عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، سندھ حکومت نے 8 برسوں سے کراچی کو لاوارث چھوڑ رکھا ہے، حکمرانوں کی بے حسی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
خبر کا کوڈ : 527224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش