0
Sunday 13 Mar 2016 12:49

سعودی عرب ایران کو نقصان پہنچانے کیلئے تیل کی قیمتیں گرا کر اپنی ہی معیشت کو تباہ کر بیٹھا، جواد ظریف

سعودی عرب ایران کو نقصان پہنچانے کیلئے تیل کی قیمتیں گرا کر اپنی ہی معیشت کو تباہ کر بیٹھا، جواد ظریف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نیوزی لینڈ میں ایک پروگرام میں کہا ہے کہ سعودی حکومت نے ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے تیل کی قیمتیں گرائیں اور اپنی ہی معیشت کو تباہ کر لیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں، نیوزی لینڈ میں مقیم ایرانیوں سے خطاب میں کہا کہ سعودی حکومت ایران کو نقصان پہنچانے اور اس کے لئے خطرات پیدا کرنے کے اقدامات مسلسل انجام دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے ایران کو نقصان پہنچانے کے لئے تیل کی قیمتیں گرائیں لیکن اس طرح وہ اپنی اور خلیج فارس میں اپنے اتحادیوں کی ہی معیشت کو تباہ کر بیٹھی۔ انھوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور یمن پر جارحیت نے سعودی حکومت کی معیشت کو تباہ کر دیا اور اب یہ حکومت اپنے زرمبادلہ کے ریزرو ذخائر سے کام لینے اور کریڈنٹ بانڈ بیچنے پر مجبور ہوگئی ہے۔

محمد جواد ظریف کہا کہ تیل کی قمیتیں گرنے سے نہ صرف یہ کہ ایران کی معیشت مشکلات سے دوچار نہیں ہوئی بلکہ خوش قسمتی سے تیل کی آمدنی پر ایران کا انحصار جو پچاس فیصد سے زیادہ تھا، کم ہو کر تینتیس فیصد رہ گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس خطاب میں ایران کے حالیہ انتخابات میں عوام کی شرکت کو قابل تعریف بتایا اور کہا کہ ایران کے عوام نے انتخابات میں ہوشیاری اور سیاسی بصیرت کے ساتھ اپنی بھرپور شرکت سے دشمنوں کو ایک بار پھر مایوس کر دیا اور دنیا کو بتا دیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کا راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے اپنا یہ معروف جملہ دہراتے ہوئے کہ کسی ایرانی کو کبھی بھی دھمکی نہیں دینی چاہئے، کہا کہ ایران ہمیشہ بات چیت اور مذاکرات کا خواہشمند رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سنیچر کی شام نیوزی لینڈ کے سرکاری دورے پر ویلنگٹن پہنچے تھے۔
خبر کا کوڈ : 527274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش