0
Tuesday 15 Mar 2016 17:40

میٹرو منصوبے کیخلاف ملتان میں تاجروں کا احتجاج، شٹرڈائون ہڑتال، مین شاہراہ بلاک کر دی

میٹرو منصوبے کیخلاف ملتان میں تاجروں کا احتجاج، شٹرڈائون ہڑتال، مین شاہراہ بلاک کر دی
اسلام ٹائمز۔ میٹرو منصوبے کیخلاف ملتان میں تاجروں نے مدنی چوک پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے شٹرڈائون ہڑتال کرتے ہوئے مین شاہراہ بلاک کر دی۔ اس موقع پر مظاہرین نے مدنی چوک میٹرو روٹ پر انڈرپاس بنانے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق انجمن تاجران گلشن مارکیٹ، جماعت اسلامی پی پی195، الفلاح مارکیٹ اور نیوملتان کے تاجروں اور شہریوں نے ملتان میں میٹرو منصوبے کے ڈیزائن کیخلاف شدید احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ مظاہرین نے شٹرڈائون ہڑتال کرتے ہوئے تمام دکانیں بند رکھیں اور مین شاہراہ بھی بلاک کر دی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں الیاس جٹ، محمود احمد، عمران بہاری، محفوظ شجاعت ودیگر کا کہنا تھا کہ میٹرو منصوبے نے ملتان کی ایک بڑی آبادی کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ نیوملتان کے مشرقی اور مغربی لاکھوں مکینوں کے درمیان دیوار برلن کھڑی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے تاجروں کا روزگار ٹھپ ہو چکا ہے۔ مدنی چوک پر انڈرپاس نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک انڈرپاس کی تعمیر نہیں ہو جاتی احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر ملتان سٹی عطاء اللہ نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے، بعدازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 527703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش