0
Wednesday 16 Mar 2016 18:01

پشاور جیسے واقعات آپریشن ضرب عضب اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، نثار کھوڑو

پشاور جیسے واقعات آپریشن ضرب عضب اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر برائے تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پشاور جیسے واقعات ضرب عضب اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ ڈھائی سالوں سے پیپلز پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ یہ کوششیں کامیاب نہیں ہوںگی اور نہ ہی کوئی گروپ بنے گا۔ خواتیں سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قانونی سازی کا معاملہ نواز شریف اور مولانا کا ہے۔ اس ملک کا حل ڈیموکریسی ہی رہا ہے، ہم شفاف احتساب چاہتے ہیں، ذاتی انتقام نہیں ہونا چاہیئے۔ بدھ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے پشاور میں سرکاری بس میں ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور واقعہ افسوسناک ہے۔ دہشت گرد معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور جیسے واقعات ضرب عضب اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ ضرب عضب کی مدت دو سال تھی جس کی مدت میں توسیع کی آئین میں گنجائش نہیں ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ضرب عضب اس طرح چلتا رہے گا تو وہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ضرب عضب ضرور شروع کیا ہے لیکن وہ طالبان کے خلاف کبھی کھل کر نہیں بولے ہیں۔

مصطفی کمال کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہاکہ مصطفی کمال تو ایسی معافی مانگ رہا ہے جیسے جرم کرو اور معافی مانگو، مصطفی کمال کو معافی دینے کا فیصلہ عوام کرینگے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ملکی سیاست میں دو معافیاں عوام سے مانگی گئی لیکن اب تیسری معافی بھی مانگ کی جارہی ہے۔ پہلی معافی سپریم کورٹ نے چار مارشل لاؤں کو تحفظ دینے اور دوسری عمران خان نے جنرل پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت پر مانگی۔ احتساب کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احتساب کے مخالف نہیں لیکن نیب کے خلاف سپریم کورٹ کے ریمارکس ریکارڈ پر موجود ہیں۔ عدالت عظمی کے مطابق نیب کھاؤ اور کھلاؤ کا ادارہ بن چکا ہے۔ سیاستدانوں پر الزام لگا کر ان کی ساکھ خراب کی جارہی ہے، جب تک کچھ ثابت نہیں ہو تب تک وہ معصوم ہوتا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ترقی کے بہتر مواقع امن و امان سے ہی ملیں گے، اس ملک کا حل ڈیموکریسی ہی رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 527899
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش