QR CodeQR Code

پشاور دھماکے میں بس ڈرائیور نے ہمت اور بہادری کی نئی مثال قائم کردی

17 Mar 2016 22:56

اسلام ٹائمز: دھماکے کے بعد بس میں لاشیں اور خون بکھر گیا لیکن فرید گل نے اعصاب پر قابو پاتے اور اپنی تکلیف کو بھولتے ہوئے بس کو قریبی اسپتال تک پہنچایا جہاں فوری طور پر امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ایمرجنسی میں منتقل کیا۔


اسلام ٹائمز۔ سنہری مسجد روڈ پشاور پر سرکاری ملازمین کی بس میں دیسی ساختہ بم دھماکے کے نتیجے میں جہاں 16 افراد جاں بحق ہوئے وہیں بس ڈرائیور کی ہمت اور بہادری نے مزید کئی قیمتی جانیں بچالیں۔ مردان کے علاقے درگئی سے 50 سے زائد افراد کو لے کر بس پشاور جارہی تھی کہ سنہری روڈ پر بس میں زوردار دھماکا ہوا جس میں بس ڈرائیور فرید گل بھی شدید زخمی ہوگیا، دھماکے کے بعد بس میں لاشیں اور خون بکھر گیا لیکن فرید گل نے اعصاب پر قابو پاتے اور اپنی تکلیف کو بھولتے ہوئے بس کو قریبی اسپتال تک پہنچایا جہاں فوری طور پر امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ایمرجنسی میں منتقل کیا۔ ہمت اور بہادری کی داستان رقم کرنے والے بس ڈرائیور فرید گل کو امدادی ٹیموں نے شدید زخمی حالت میں بس کا اگلا حصہ کاٹ کر نکالا اور اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری علاج کے بعد اسے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کردیا۔ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے فرید گل کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرید گل نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر بس کو اسپتال تک پہنچا کر کئی قیمتیں جانیں بچائی ہیں جس پر سب کو فخر ہے۔ واضح رہے کہ پشاور کے علاقے سنہری مسجد روڈ پر سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔


خبر کا کوڈ: 528139

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/528139/پشاور-دھماکے-میں-بس-ڈرائیور-نے-ہمت-اور-بہادری-کی-نئی-مثال-قائم-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org