QR CodeQR Code

امام خمینی رہ کا مصری عوام کو تاریخی پیغام:

مصر کی مسلمان اور غیرت مند قوم امریکی اور اسرائیلی کٹھ پتلی حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو

1 Feb 2011 17:00

اسلام ٹائمز: انقلاب اسلامی ایران کے بانی آیت اللہ العظمی سید روح اللہ خمینی رہ نے اپنی زندگی میں کئی مواقع پر مصر کے مسلمان عوام کو امریکی اور اسرائیلی کٹھ پتلی حکام کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے اور اسلام کا دفاع کرنے کی ترغیب دلائی ہے۔


اسلام ٹائمز- حضرت امام خمینی رہ نے جماران میں 18 اکتوبر 1981 کو اپنی ایک تقریر کے دوران فرمایا:
"مجھے امید ہے کہ دنیا کی قومیں ایرانی قوم کی اقتدا کریں گی، مصر کی قوم اس آمرانہ حکومت کی پرواہ نہ کرے جو کھلم کھلا یہ اعلان کرتی ہے کہ جو شخص اسلام کا نام زبان پر لائے گا اس کو کچل دیا جائے گا۔ [مصری عوام] جان لیں کہ مصر میں اسلام خطرے میں پڑ چکا ہے اور مصر کے مردوں اور خواتین پر [شرعاً] واجب ہے کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور اس کرپٹ حکومت کو جو اپنے آغاز سے ہی اسلام کی مخالف ہے، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں"۔
انقلاب اسلامی ایران کے بانی اپنے اسی خطاب میں مزید فرماتے ہیں:
"یہ تحمیل کردہ دوسرا صدر [حسنی مبار] جو پہلے [انور سادات] کی طرح ملک کو چلانا چاہتا ہے، اس نے خود کو مکمل طور پر امریکہ کے اختیار میں سونپا ہوا ہے۔ اس نے صدارت کا عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ اپنے اتحاد کا اعلان کیا ہے۔ اس نے نہیں سوچا کہ جس طرح اس سے پہلے والا بدکردار فرد [انور سادات] قوم کے غضب کی جہنم میں واصل ہوا وہ بھی اسی کا شکار ہو سکتا ہے۔ مصری قوم اچھی طرح جان لے کہ اگر وہ ان گھناونی سازشوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، بالکل ایسے ہی جیسے ایرانی قوم اٹھ کھڑی ہوئی ہے، تو کامیابی انکا مقدر ہو گی۔
مصری قوم کرفیو اور مارشل لاء سے خوفزدہ نہ ہو اور اسکی کوئی پرواہ نہ کرے اور جس طرح سے ایرانی عوام نے سڑکوں پر نکل کر مارشل لاء کو ناکام بنا دیا وہ بھی اسے ناکام بنا دیں۔ سڑکوں پر نکل آئیں اور اس امریکی کوڑے کرکٹ [حسنی مبارک کی رژیم] کو ملک سے نکال باہر کریں۔
مصری عوام انہیں موقع فراہم نہ کریں کہ وہ اپنی ٹوٹی ہوئی طاقت کو دوبارہ جمع کر سکیں اور اپنا اثر و رسوخ دوبارہ بحال کر لیں۔ آج مصری قوم کو انقلاب برپا کر دینا چاہئے، آج مصر کی حکومت کمزور اور مصر کی قوم طاقتور ہو چکی ہے۔ انقلاب مصری قوم اور ان علماء کا [شرعی] وظیفہ ہے جو حکمران ٹولے کے زیر اثر نہیں ہیں۔ مصر کے علماء اٹھ کھڑے ہوں اور خدا کی خاطر اسلام کا دفاع کریں۔
آج کامیابی آپ کا مقدر ہے، مصری قوم آج طاقتور ہے۔ مصر کی فوج حکومت کے ساتھ نہیں ہے البتہ ان افراد کے علاوہ جو امریکہ کے ہاتھوں بک چکے ہیں۔ مصری فوج جان لے کہ اگر وہ ایسی حکومت کی پشتیبانی کرے گی جو کھلم کھلا امریکہ اور اسرائیل کی نوکری کرنے میں مصروف ہے اور یہ اعلان کرتی ہے کہ جو کوئی بھی اسلام کا نام لے گا اسکا گلا دبا دیا جائے گا، تو یہ ان کیلئے بڑی رسوائی کی بات ہو گی۔ مصری فوج خود کو اس رسوائی اور ذلت سے دور رکھے اور اسرائیل کو اجازت نہ دے کہ وہ ان پر حکمفرمائی کرے، اجازت نہ دے کہ مصر کی قسمت کا فیصلہ امریکہ اور اسرائیل کے ہاتھ میں ہو"۔


خبر کا کوڈ: 52877

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/52877/مصر-کی-مسلمان-اور-غیرت-مند-قوم-امریکی-اسرائیلی-کٹھ-پتلی-حکمرانوں-کے-خلاف-اٹھ-کھڑی-ہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org