0
Monday 21 Mar 2016 22:02

مسلمانوں اور آزاد مملکتوں کیلئے پاکستان چراغ راہ، شبیر شاہ

مسلمانوں اور آزاد مملکتوں کیلئے پاکستان چراغ راہ، شبیر شاہ
 اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام، حکومت پاکستان، فوجی قیادت اور پاکستان کی سیاسی و مذہبی تنظیموں کو دلی تہینیت و مبارک پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کو منصئہ شہود پر لانے اور تصور پاکستان کو عملی شکل دینے کے لئے جو قرارداد 23 مارچ 1940ء کو پیش کی گئی تھی، اسے قائم رکھنے کے لئے پاکستانی قوم نظریہ اسلام، قومی حمیت و جذبے اور اتحاد و اتفاق کے دامن کو تھام کر آگے بڑھے گی۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ دنیائے اسلام میں پاکستان کی نیوکلیائی صلاحیتوں کے لئے اس کی پیش قدمی کے پیش نظر اور اسے کمزور کرنے کے لئے بیرونی اور اندرونی سطح پر سازشیں رچائی جارہی ہیں اور دنیا کے 57 اسلامی ممالک میں اس کا جو کلیدی سیاسی کردار رہا ہے اسے گھٹانے کی کوششیں کی جارہی ہے۔

شبیر احمد شاہ نے تاریخی حقائق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تصور پاکستان کی حقیقت تسلیم کرانے میں اور قیام پاکستان کی بنیادوں میں لاکھوں افراد کا مقدس خون شامل ہے اور آج بھی لاکھوں افراد اپنے دلوں میں جدائی کا کرب و درد لئے تصور پاکستان اور اس کے استحکام کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے مخلصانہ اپیل میں تاکید کی کہ متحد اور ایک ہوکر دشمن کی ان سازشوں کو بے نقاب کرنا ہوگا تاکہ دنیا کی سیاست میں پاکستان مظلوم اور معتوب مسلمانوں کی رہنمائی اور حریت افکار کو زندہ رکھنے کے لئے برسر جدوجہد قوتوں کے لئے کلیدی کردار ادا کرتا رہے۔

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ دنیا کے نقشے پر پاکستان کا وجود مسلمانانِ عالم کے لئے ایک پناہ گاہ کی حثییت رکھتا ہے اور پاکستان کو دنیا کے مسلمان اور آزاد مملکتوں کے لئے چراغ راہ قرار دیتے ہوئے کہا دنیا کے ان خطوں میں جہاں مظلوم قومیں برسر جدوجہد ہیں، کے لئے قرارداد پاکستان گائیڈ لائن کا کام دے رہی ہے۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ مملکت پاکستان کی سلامتی اور استحکام دنیائے اسلام کے لئے اولین ترجیح کی حثییت رکھتی ہے اور قرارداد پاکستان کو بر صغیر کی تاریخ کا ایک اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا، مسلمانوں کے لئے ایک عظیم مملکت کا خواب شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ نے دیکھا تھا اور اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور لیاقت علی خان نے مسلمانوں کی سیاسی پسماندگی کو بھانپتے ہوئے اسے ایک عملی شکل میں ڈھال دیا۔
خبر کا کوڈ : 528803
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش