0
Monday 21 Mar 2016 23:45

قانون سازی کیلئے بلایا جانے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس حکومت کے گلے پڑ گیا

قانون سازی کیلئے بلایا جانے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس حکومت کے گلے پڑ گیا
اسلام ٹائمز۔ قانون سازی کیلئے بلایا جانے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس حکومت کے گلے پڑ گیا۔ سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے پر حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اپوزیشن ارکان کہتے ہیں بتایا جائے کہ آرٹیکل چھ کا ملزم ڈیل کر کے باہر گیا یا مک مکا سے؟ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف واپس نہ آئے تو انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو وزیراعظم نواز شریف بھی طویل عرصے بعد دس منٹ کیلئے ایوان کو رونق بخشنے پہنچ گئے۔ اجلاس کے آغاز پر تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ آرٹیکل چھ کا ملزم ملک سے باہر کیسے گیا۔ کوئی ڈیل ہوئی یا مک مکا کیا گیا۔ انہوں نےکہا کہ مشرف تو دبئی میں سیاسی سرگرمیاں کر رہا ہے اور سگار پی رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم تو کمزور تھے لیکن ایک آمر شیروں سے کیسے فرار ہوگیا؟۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومتی وزراء نے تو کہا تھا کہ پرویز مشرف ملک سے باہر گیا تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ حکومت چلی جائے لیکن پرویزمشرف باہر نہیں جائیگا لیکن اب سب خاموش ہیں۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پرویزمشرف کو ملک سے جانے کی اجازت دی۔ وطن واپس نہ آنے کی صورت میں مشرف کو انٹرپول کے ذریعہ لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے اسی پرویزمشرف کے ساتھ دبئی میں بیٹھ کر این آر او کیا۔ اجلاس میں گیس چوری کی روک تھام اور وصولیاں کا بل 2014ء منظور کر لیا گیا۔ ایم کیو ایم نے کراچی میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینیئر شاہد پاشا سمیت کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف اجلاس سے علامتی واک آئوٹ کیا۔ اجلاس کل ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 528826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش