0
Thursday 24 Mar 2016 00:27
متحدہ مجلس عمل کی بحالی کی کوششیں کی جا رہی ہیں

مسلمان مکاتب فکر میں مشترکات زیادہ اور اختلافات کم ہیں، علامہ ساجد نقوی

مسلمان مکاتب فکر میں مشترکات زیادہ اور اختلافات کم ہیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ جمہوریت قانون کی حکمرانی اور میرٹ کا نام ہے، جو ملک میں کہیں نظر نہیں آ رہی، یہ ناپید ہے، لاقانونیت نے ملک کو جکڑا ہوا ہے، قرارداد پاکستان کے مقصد کو بھلا دیا گیا ہے، دولت چند اشرافیہ کے ہاتھوں میں جکڑی ہوئی ہے، جمہوریت کا صرف نام استعمال کیا جا رہا ہے۔ وہ جامعۃ المنتظر لاہور کے 62ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر استحکام پاکستان کانفرنس اور محسن ملت سیمینار سے خطاب اور اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ محمد حسین نجفی، علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ نیاز نقوی، علامہ محمد تقی نقوی اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔ حوزہ علمیہ کے ہاسٹل کی نئی عمارت کا افتتاح وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر حافظ ریاض نجفی نے کیا جبکہ علامہ ساجد علی نقوی نے دعا کروائی اور علماء کے ساتھ ہاسٹل کا دورہ بھی کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں، جمہوریت صرف نام کی رہ گئی ہے، لوگوں کو بنیادی سہولتیں تک میسر نہیں۔ انہوں نے کہا متحدہ مجلس عمل کی بحالی کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ ملی یکجہتی کونسل فعال ہے، جو مذہبی ہم آہنگی اور مشترکات کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے مکاتب فکر کے درمیان مشترکات زیادہ اور اختلافات کم ہیں، پیٹ کے دھندے والے اختلافات پیدا کرتے ہیں، تاکہ ان کا کاروبار جاری رہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حقوق نسواں بل عجلت میں منظور کیا گیا، انہیں اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینی چاہیے تھی، اس مسئلے کے حل کیلئے وفاق المدارس الشیعہ نے بھی کمیٹی قائم کر دی ہے، جو اپنی سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو خود اسلامی قانون سازی کرنی چاہیے، اسلامی نظریاتی کونسل اسلامی نظام کے نفاذ سے راہ فرار اختیار کرنے اور ابہام پیدا کرنے کیلئے تشکیل دی گئی تھی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ 1804ء میں برصغیر کا پہلا شیعہ مدرسہ لکھنو میں قائم کیا گیا۔ جامعۃ المنتظر آٹھواں مدرسہ تھا، جو علامہ اختر عباس اور علامہ صفدر حسین نجفی نے وسن پورہ سے کرائے کے مکان میں شروع کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مدارس نے امام خمینی، آیت اللہ خوئی، آیت اللہ محسن الحکیم اور خود رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای جیسی شخصیات پیدا کی ہیں، ہر خاندان کو ایک بچے یا بچی کو دینی تعلیم کیلئے مختص کرنا چاہیے۔ علامہ محمد حسین نجفی نے کہا کہ عقائد کو بگاڑنے والوں کا محاسبہ ضروری ہے، توحید سے انکاری شیعہ نہیں ہوسکتا، شیعہ ہونے کیلئے عقائد کا درست رکھنا ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 529233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش