0
Friday 25 Mar 2016 17:30

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ برادر اسلامی ملک ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر برادر اسلامی ملک کے سربراہ کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، وفاقی وزیر زاہد حامد بھی ایرانی صدر کے استقبال کے لئے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ صدر حسن روحانی وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ وزرا، تاجروں اور اعلٰی حکام پر مشتمل وفد بھی ایرانی صدر کے ہمراہ ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین سے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان پہنچنے پر وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ چکلالہ کے نور خان ایئر بیس پر ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ حسن روحانی اور ان کے وفد کے لئے باقاعدہ استقبالیہ تقریب ایوان صدر میں ہوگی۔ ایرانی صدر دورے کے دوران پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ خیال رہے کہ 2012ء کے بعد سے کسی ایرانی سربراہ نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ اس سے قبل صدر محمود احمدی نژاد فروری 2012ء میں اسلام آباد میں منعقدہ سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ بطور صدر پہلی مرتبہ پاکستان آنے والے حسن روحانی کے ہمراہ وزراء، اعلٰی حکام اور تاجروں پر مشتمل اعلٰی سطح وفد بھی ہے۔

دونوں ملکوں کے رہنما مختلف امور سمیت ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ان پابندیوں کے خاتمے سے اقتصادی روابط میں اضافے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے یقین ظاہر کیا ہے کہ صدر حسن روحانی کے دورے سے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پیر کو ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات میں کہا تھا کہ اس دورے سے ہمیں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔ نواز شریف نے کہا تھا کہ ہم تجارت اور کاروباری تعاون میں اضافے کے لئے علاقائی روابط کو فروغ دینے کے اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد پر توجہ دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 529492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش