QR CodeQR Code

صوبے میں جاری ٹارگٹ کلنگ کا وزیراعلٰی کو علم تک نہیں، علامہ حمید حسین امامی

27 Mar 2016 17:39

اسلام ٹائمز: پشاور، ڈی آئی خان اور چارسدہ میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے ایس یو سی کے صوبائی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت دعوے بہت کرتی ہے، مگر کارکردگی صفر ہے، تحریک بے انصاف تحفظ نہیں دے سکتی تو اسے حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔


اسلام ائمز۔ شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ حمید حسین امامی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دن دیہاڑے بے گناہ افراد کو قتل کیا جارہا ہے، جبکہ صوبائی حکومت کوئی ایکشن نہیں لے رہی۔ صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور اور چارسدہ میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے علامہ حمید حسین امامی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں اہل تشیع افراد کو سرعام ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں جب وزیراعلٰی سے رابطہ کرتے ہیں تو ان کی جانب سے جواب ملتا ہے کہ صوبے میں امن ہے اور کوئی ٹارگٹ کلنگ یا دہشت گردی نہیں ہے، سب اچھا کی رپورٹ ہے۔ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے پی کے دعوے تو بہت کرتی ہے، مگر عملی کارکردگی صفر ہے۔ بیان میں صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ زاہد حسین بخاری کی جانب سے کہا گیا تھا کہ صوبہ بھر میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہیں اور صوبہ میں حکمران جماعت تحریک بے انصاف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یا تو صوبہ کی عوام کو تحفظ فراہم کریں، اگر عوام کی جان مال کی حفاظت نہیں کر سکتے، تو ان کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ چارسدہ میں تین افراد کا دن دیہاڑے قتل عام صوبائی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان پشاور چارسدہ میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کو سر عام کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 529904

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/529904/صوبے-میں-جاری-ٹارگٹ-کلنگ-کا-وزیراعل-ی-کو-علم-تک-نہیں-علامہ-حمید-حسین-امامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org