QR CodeQR Code

اسلام آباد، ڈی چوک میدان جنگ، فوج کو طلب کرلیا گیا، املاک نذرآتش

27 Mar 2016 22:50

اسلام ٹائمز: پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے والے ممتاز قادری کے چہلم کے شرکاء نے چائنہ چوک میٹرو بس اسٹیشن کو آگ لگا دی۔ تفصیلات کے مطابق ممتاز قادری کے چہلم کے شرکاء نے اسلام آباد میٹروبس کے تمام اسٹیشنزکو نقصان پہنچایا ہے جبکہ چائنہ چوک میں واقع میڑوبس کے اسٹیشن کو آگ لگا دی ہے، مظاہرین کی بہت بڑی تعداد پارلیمنٹ کے سامنے آگ لگا چکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر اقتدار میں ڈی چوک پر کشیدگی میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہو چکے ہیں۔ مظاہرین کی وقفے وقفے سے پولیس اور رینجرز سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پتھراؤ سے کمانڈنٹ کرنل امان زخمی ہو گئے ہیں۔ مظاہرین نے چار سے پانچ کینٹنرز میں آگ لگا دی ہے۔ مظاہرین کا جہاں دل کر رہا ہے کھلے عام آگ لگا رہے ہیں۔ کوئی روکنے والا بظاہر دکھائی نہیں دے رہا۔ رینجرز کے جوان موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ مظاہرین کی بہت بڑی تعداد ڈی چوک میں موجود ہے۔ شیلنگ کیوجہ سے مظاہرین پیچھے چلے گئے ہیں۔ رینجرز پر مورچہ بنا کر پتھراؤ بھی کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے تمام عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ڈی چوک میں مظاہرین کی جانب سے مسلسل پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے شیلنگ بھی کی جا رہی ہے۔ بلیو ایریا اور سپر مارکیٹ میں دکانیں بند کروا دی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے مزید شیلز اور نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، پولیس نے دو ہزار سے زائد شیل فائر کئے، شیل ختم ہونے کے بعد پولیس کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا اور مظاہرین بپھر گئے۔ مظاہرین نے بلیو ایریا میں مختلف جگہوں پر آگ لگا دی ہے اور ڈی چوک میں دھرنا دے دیا ہے، جس کے بعد ڈی چوک میں ضلعی انتظامیہ اور مظاہرین میں مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔ تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق حکومت نے ریڈ زون کا کنٹرول سنبھالنے کیلئے فوج طلب کر لی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مطلب ریڈ زون کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ دوسری جانب متعدد زخمی پولیس اہلکاروں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹرپل ون بریگیڈ کے دستے ریڈ زون میں پہنچ گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 529966

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/529966/اسلام-ا-باد-ڈی-چوک-میدان-جنگ-فوج-کو-طلب-کرلیا-گیا-املاک-نذرا-تش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org