QR CodeQR Code

سانحہ لاہور کو نواز حکومت کی ناکامی نہیں کہا جا سکتا، خورشید شاہ

28 Mar 2016 21:57

اسلام ٹائمز: سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پیپلز پارٹی نواز حکومت کے ساتھ ہے، پاکستان پُرامن ملک تھا، جسے دہشتگردی کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے، مستحکم پاکستان حکومت کیلئے چیلنج ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ لاہور کو نواز حکومت کی ناکامی نہیں کہا جا سکتا، دہشتگردی کے خلاف پیپلز پارٹی نواز حکومت کے ساتھ ہے، پاکستان پُرامن ملک تھا، جسے دہشتگردی کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ لاہور کو نواز حکومت کی ناکامی نہیں کہا جا سکتا، تاہم مستحکم پاکستان حکومت کیلئے چیلنج ہے، حکومت اور ادارے تمام معاملات ختم کرکے دہشتگردی کی طرف توجہ دیں، ملکر پاکستان کی خودمختاری کیلئے کام کرنا چاہیے، پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ ہم دہشتگردی کے خلاف حکومت کے ساتھ ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ لاہور میں ملوث افراد تک پہنچنا، آج کے جدید دور میں اداروں کیلئے کوئی مشکل کام نہیں، تمام اداروں کو دہشتگردی کو روک تھام کیلئے مزید فعال ہونا پڑے گا۔ سانحہ لاہور را کے ایجنٹ کی گرفتاری کا ممکنہ ردعمل ہونے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ سانحہ لاہور ردعمل ہے یا نہیں، تاہم حکومت پارلیمنٹ اور لیڈران کو اپنا واضح مؤقف بتائے کہ بھارت کس طرح پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ریڈ زون میں مظاہرین کا داخل ہونا پنجاب پولیس نہیں، بلکہ اسلام آباد پولیس کی ناکامی ہے، جسے اس کا اعتراف کرنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 530187

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/530187/سانحہ-لاہور-کو-نواز-حکومت-کی-ناکامی-نہیں-کہا-جا-سکتا-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org