QR CodeQR Code

امریکہ کیجانب سے پیلمائر کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا خیر مقدم

پیلمائر کی فتح بشار الاسد کیلئے نئی زندگی ہے، بی بی سی، ایران کیجانب سے شامی صدر کو مبارکباد

3 Jul 2016 13:06

اسلام ٹائمز: ادھر شام میں فوج کے ہاتھوں تاریخی شہر تدمر کی آزادی کا خیر مقدم کرنے کے باوجود امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے اندرونی مسائل میں مداخلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ شام میں بشار الاسد کی بڑھتی ہوئی توانائی سے شام اور اس ملک کے عوام کو کوئی اچھی امید نہیں رکھنی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ شامی فوجوں کی جانب سے پیلمائرا کا علاقہ واپس لئے جانے کے بعد اس علاقہ پر دس ماہ سے جاری داعش کے قبضے کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ شامی فوج کی اس فتح کو داعش کی مکمل شکست نہیں کہا کا سکتا، کیونکہ رقہ،دیرالزور، اور موصل میں ان کے محفوظ ٹھکانے اب بھی موجود ہیں، لیکن یہ فتح جغرافیائی اور سیاسی دونوں طرح سے اس جنگجو تنظیم کی طاقت کی بنیادیں ہلانے میں ایک اہم پیش رفت اور بشارالاسد کیلئے نئی زندگی ہے۔ ادھر پیلمائر کا 10 ماہ بعد داعش سے قبضہ چھڑانے پر ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے شامی صدر بشار الاسد کو مبارکباد دی ہے۔ ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری  نے شام کے صدر بشار الاسد کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ شام کے علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے شامی عوام، حکومت اور فوج کا عزم گرانقدر اور قابل فخر و ستائش ہے اور یہ شجاعت و فداکاری، علاقے کی تاریخ میں درج ہوگی۔

علی شمخانی نے کہا کہ شامی عوام، حکومت اور فوج کی اس راہ میں ایران کی حکومت اور مسلح افواج، مزاحمت کے مرکز کی حیثیت سے شام کے لئے اپنی مکمل حمایت جاری رکھیں گی۔ علی شمخانی نے داعش کے بڑھتے ہوئے عالمی خطرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شام کو دہشت گردی کے خلاف مہم کی فرنٹ لائن سے تعبیر کیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ عالمی اداروں اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے دعویدار ملکوں کو چاہئے کہ توجیہ پیش کرکے بعض دہشت گرد گروہوں کی ساکھ سنوارنے اور انھیں امن مذاکرات میں شرکت کی دعوت دینے کے بجائے شام کی حکومت اور دہشت گردی کے خلاف مہم کی بھرپور حمایت کریں۔ ایران کی اعلٰی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے امید ظاہر کی کہ شام سے دہشت گردی کے خاتمے اور اس ملک میں امن و استحکام کے قیام کے ساتھ، پوری دنیا عالمی سطح پر شام کی ترقی اور سازشوں نیز پراکسی وار کے مقابلے میں استقامت کا ایک کامیاب نمونہ پیش کئے جانے کا مشاہدہ کرے گی۔
شامی نوادرات کے ادارے کے سربراہ عبدالکریم نے کہا اگر یونیسکو نے منظوری دیدی تو پیلمائر شہر میں تاریخی مقامات کی بحالی اور تعمیرنو میں 5 برس لگ سکتے ہیں۔ داعش نے انہیں نقصان پہنچایا تھا۔

دوسری جانب امریکہ نے بھی پیلمائر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔  امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک پریس کانفرنس میں تاریخی شہر پیلمائر میں دہشت گردوں کے مقابلے میں شام کے صدر بشار الاسد کو حاصل ہونے والی کامیابی کا خیر مقدم کیا۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن کی نظر میں یہ ایک اچھی خبر ہے کہ تاریخی شہر پیلمائر پر اب دہشت گردوں کا قبضہ نہیں ہے۔ جان کربی نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ نے شہر تدمر میں تاریخی آثار کو مٹانے کے حوالے سے جو کچھ بھی کیا، اسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ داعشی دہشت گردوں نے شہر پیلمائر میں آثار قدیمہ کو شدید نقصان پہنچانے کے علاوہ آثار قدیمہ کے ایک ماہر کا سر بھی قلم کر دیا تھا۔ شام میں فوج کے ہاتھوں تاریخی شہر تدمر کی آزادی کا خیر مقدم کرنے کے باوجود امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے اندرونی مسائل میں مداخلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ شام میں بشار الاسد کی بڑھتی ہوئی توانائی سے شام اور اس ملک کے عوام کو کوئی اچھی امید نہیں رکھنی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 530338

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/530338/پیلمائر-کی-فتح-بشار-الاسد-کیلئے-نئی-زندگی-ہے-بی-سی-ایران-کیجانب-سے-شامی-صدر-کو-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org