0
Tuesday 29 Mar 2016 18:56
کبھی دعوی نہیں کیا کہ ایرانی ایجنسی "را" کے ایجنٹ کے بارے میں آگاہ تھی

"را" ایجنٹ کا اعترافی ویڈیو بیان میڈیا پر جاری، بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانا چاہتا ہے، عاصم باجوہ

"را" ایجنٹ کا اعترافی ویڈیو بیان میڈیا پر جاری، بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانا چاہتا ہے، عاصم باجوہ
اسلام ٹائمز۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹنینٹ جنرل عاصم باجوہ نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کا اعترافی ویڈیو بیان میڈیا پر پیش کردیا ہے۔ ویڈیو بیان میں کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا ہے کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کیلئے کام رہا تھا اور پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے خصوصی ایجنڈے پر بلوچستان میں آیا ہوا تھا۔ ملزم نے کہا کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی کا حاضر سروس افسر ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ گرفتار کلبھوشن یادیو براہ راست بھارتی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور "را" کے چیف سے رابطے میں تھا، کلبھوشن کے ذمے پاکستان میں نیٹ ورک بنانا، فنڈنگ کرنا اور اسلحہ مہیا کرنا تھا، ملزم کراچی میں ٹائگرفورس بنانا چاہتا تھا، انہوں نے کہا کہ ملزم سے پاکستان اور بلوچستان کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت میں جوائنٹ سیکریٹری اے کے گپتا کلبھوشن یادیو کو ہینڈل کر رہے تھے۔

عاصم باجوہ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، کلبھوشن کی گرفتاری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، ریاستی دہشت گردی کا اس سے بڑا ثبوت کوئی نہیں ہو سکتا، عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ "را" کا بڑا ہدف تھا، انہوں نے کہا کہ سینئیر فوجی جاسوس کی گرفتاری کی دنیا میں کم مثال ہے، عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ ملزم کراچی میں دہشت گردی کیلیے ٹائیگر فورس بنانے کا منصوبہ رکھتا تھا، مہران بیس کے حملہ آوروں کے بارے میں بھی کلبھوشن یادیو کو معلومات ہیں، کلبھوشن انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کلبھوشن یادیو کے پاس سے امریکی، ایرانی اور پاکستانی کرنسی ملی ہے اور یہ چاہ بہار میں جیولری کا کام کرتا تھا۔ عاصم باجوہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو تفتان کی سرحد سے بلوچستان میں داخل ہوا اور پکڑا گیا۔ کلبھوشن انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث تھا۔

سینئیر صحافی طاہر راٹھور نے سوال کیا کہ کیا موجودہ تفتیش سے یہ ثابت ہوا ہے کہ ایرانی ایجنسیوں یا حکومت کو یہ معلوم تھا کہ کلبھوشن یادیو "را" کا حاضر سروس افیسر ہے یا "را" کیلئے کام کرتا ہے، اس پر لیفٹننٹ جنرل عاصم باوجوہ نے جواب دیا کہ ہم نے کبھی یہ دعوی نہیں کیا کہ ایرانی حکومت یا ایرانی ایجنسیوں کو یہ معلوم تھا کہ کلبھوش یادیو "را" کا ایجنٹ ہے، کلبھوش یادیو کا معاملہ ایرانی صدر کے ساتھ اٹھایا اور انہوں نے انتہائی تحمل سے آرمی چیف کی بات سنی۔ "را" ایجنٹ کے کراچی کی جماعتوں سے روابط سے متعلق کیے گئے سوال پر عاصم جاجوہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کے بارے میں جتنی معلومات تھیں میڈیا کو آگاہ کیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے، تمام معلومات منظر عام پر لائی جائے گی۔ لاہور کی صورتحال پر عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف ملتان، راولپنڈی اور رحمیار خان سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلیے جس قسم کی فورس کی ضرورت ہوئی استعمال کریں گے۔ آپریشن میں رینجرز اور پاک فوج کے جوان استعمال ہو رہے ہیں۔ عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ بھارتی ایجنٹ کو کسی صورت بھارت کے حوالے نہیں کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 530374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش