0
Thursday 31 Mar 2016 10:24

وفاق المدارس عربیہ کا استحکام مدارس و استحکام پاکستان عالمی کنونشن بلانے کا اعلان

وفاق المدارس عربیہ کا استحکام مدارس و استحکام پاکستان عالمی کنونشن بلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا ایک اہم اجلاس جامعہ اشرفیہ لاہور میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف جالندھری، مرکزی نائب صدر مولانا انوارالحق، مرکزی خازن مولانا مشرف علی تھانوی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا قاضی عبدالرشید، جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مولانا مفتی محمد نعیم، مولانا امداداللہ، مولانا زبیر احمد صدیقی اور دیگر عہدیداران نے ملک بھر سے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی غور و خوض کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے بعد وفاق المدارس کے مرکزی قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ سانحہ لاہور کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام 3 اپریل کو گلشن اقبال پارک علامہ اقبال ٹاؤن لاہور میں منعقد ہونیوالی آل پاکستان استحکام مدارس و استحکام پاکستان کانفرنس کو ملک بھر میں ہونیوالی تیاریوں اور لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کی متوقع شرکت کے باوجود ہم رضاکارانہ طور پر سانحہ لاہور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور ملک کی موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کانفرنس کے ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہیں، کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی اسلام آباد میں استحکام مدارس و استحکام پاکستان کے عنوان سے ایک عالمی کنونشن منعقد کیا جائے گا جبکہ یکم اپریل بروز جمعہ کو یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا اور ملک بھر کی تمام مساجد میں آئمہ و خطباء پاکستان میں امن و سلامتی کے قیام، پاکستان اور دینی مدارس کیخلاف ہونیوالی سازشوں کے حوالے سے خطاب کریں گے اور سانحہ لاہور کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کی جائیں گی۔ ملک بھر میں مسجد و مدرسہ میں ختم قرآن، تقسیم انعامات اور دستار فضیلت کے عنوان سے منعقد ہونیوالے سینکڑوں اجتماعات کو استحکام مدارس و استحکام پاکستان کے عنوان سے منعقد کروا کر اجتماعیت اور قومی یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا وفاق المدارس کی مجلس عاملہ لاہور کے سانحہ پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرکے ان عناصر کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کے اظہار کرتے ہوئے ان کے درد و غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے بلاتحقیق ایک بے گناہ شخص محمد یوسف کو خودکش بمبار کے طور پر پیش کرنے اور دینی مدارس کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں سانحہ لاہور کے شہدا کے درجات کی بلندی زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کیئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 530634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش