0
Thursday 31 Mar 2016 12:47

بعض عناصر پاک ایران بڑھتے ہوئے تعلقات سے خوش نہیں، ترجمان ایرانی سفارتخانہ

بعض عناصر پاک ایران بڑھتے ہوئے تعلقات سے خوش نہیں، ترجمان ایرانی سفارتخانہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں ایرانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ کچھ عناصر پاکستان اور ایران کے درمیان پروان چڑھتے تعلقات کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے حالیہ دورہ پاکستان سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایرانی سفارت خانے کے ترجمان عباس بدری فر کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ چند روز سے میڈیا پر کچھ ایسی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جن سے پاک ایران دوستانہ اور اخوت پر مبنی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوں۔ واضح رہے کہ 25 مارچ کو ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے اور انھوں نے وزیراعظم نواز شریف، صدر ممنون حسین اور آرمی چیف جنرل راحیل سے ملاقاتیں کیں۔

ایرانی سفارت خانے کے ترجمان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی رپورٹس کا مقصد پاک ایران تعلقات کو خراب کرنا ہے اور اس طرح ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے حالیہ دورہ پاکستان سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر پاک-ایران بڑھتے ہوئے تعلقات سے خوش نہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے باشعور عوام ایران کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں اور اس طرح کے غیر مہذب اور توہین آمیز مندرجات کو پھیلانے سے ایک دوسرے کے بارے میں دونوں ممالک کے مثبت اور خوشگوار خیالات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ 1947ء سے اب تک ایران پاکستان کا قابل اعتماد اور مخلص دوست اور ہمسایہ ہے اور کبھی بھی پاکستان کی مغربی سرحدوں پر کوئی خطرہ محسوس نہیں کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ساتھ اپنی سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد تصور کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 530683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش