QR CodeQR Code

پاکستان اسٹیل ملز کے آفیسرز اور ملازمین کا معاشی قتل عام بند کیا جائے، مولانا فضل الرحمن

31 Mar 2016 18:35

اسلام ٹائمز: وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز کےوفد سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جے یو آئی نے کہا کہ جب قومی اسمبلی سے پاکستان اسٹیل کے آفیسرز کی تنخواہوں میں اضافہ کی منظور ہو چکی ہے تو پھر حکومت ان آفیسرز کے معاشی قتل عام کا ارتکاب کیوں کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت پاکستان اسٹیل کے آفیسرز اور ملازمین کا معاشی قتل عام بند کرتے ہوئے آفیسرز کی تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ کیا جائے۔ قومی اسمبلی سے منظور شدہ تنخواہوں میں اضافے سے سات سال گزر جانے کے باوجود محروم رکھنا بدترین ظلم ہے۔ پاکستان اسٹیل کے افسران کے ساتھ ناانصافی بند کی جائے اور انہیں ان کا حق دیا جائے۔ وہ کراچی سے ملتان روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پر وائس آف پاکستان اسٹیل آفیسرز کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ جو صدر مرزا مقصود کی قیادت میں ان سے ملاقات کے لئے آیا تھا۔ وفد میں نواز خٹک، چوہدی محمد افضل، آصف حسین، اسلم منگی، عاشق ببلم، زر داد عباسی، اشتیاق خان شامل تھے۔ اس موقع پر جمعیت علماء برطانیہ کے سیکریٹری اطلاعات حافظ محمد اکرام، صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان، مولانا محمد غیاث، مولانا حماد اللہ شاہ، مولانا شمس الرحمن اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ جمعیت علماء اسلام کے ارکان اسمبلی و سینیٹ ان کے مسائل پر قومی اسمبلی اور سینٹ میں نہ صرف آواز اٹھائیں گے بلکہ وائس کے آفیسرز اور دیگر ملازمین کے حقوق اور مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب قومی اسمبلی سے پاکستان اسٹیل کے آفیسرز کی تنخواہوں میں اضافہ کی منظور ہو چکی ہے تو پھر حکومت ان آفیسرز کے معاشی قتل عام کا ارتکاب کیوں کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پراویڈینٹ اور گریجویٹی فنڈز کو خرد برد کرنے جیسے غیر قانونی فعل کے ذمہ داروں کے خلاف اب تک کاروائی کیوں عمل میں نہیں لائی جاتی جبکہ حکومت ملازمین کو ان کے بقایا جات ادا کرنے کی قانونی طور پر پابند بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اسٹیل جو پہلے سے ہی تباہی کے کنارے پر ہے آفیسرز اور ملازمین کو ان کے آیڈہاک ریلیف سے محروم رکھا گیا اور ان کی حق تلفی کا تدارک نہ کیا گیا تو اس کا نقصان قومی المیہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں آفیسرز جو کہ گزشتہ سات سالوں سے تنخواہوں میں قانونی اضافے سے محروم ہیں حکومت فوری ان کی تنخواہوں میں اضافے کو یقینی بنائے۔ پاکستان اسٹیل کے آفیسرز کی تنخواہوں میں منظور شدہ 7% ایڈھاک ریلیف اور 35% اضافہ کہ جس پر نظر ثانی بھی ہوچکی ہے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔ پاکستان اسٹیل کے ملازمین 2016ء میں 2008ء کی تنخواہ پر گزارہ کر رہے ہیں۔ ملازمین کے اس درینہ مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 530748

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/530748/پاکستان-اسٹیل-ملز-کے-ا-فیسرز-اور-ملازمین-کا-معاشی-قتل-عام-بند-کیا-جائے-مولانا-فضل-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org