0
Friday 1 Apr 2016 11:18

آزادکشمیر میں طلبہ یونینز کی بحالی کا حکم

آزادکشمیر میں طلبہ یونینز کی بحالی کا حکم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزاد کشمیر میں طلبہ یونینز کی بحالی کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں فوری اقدامات اٹھائیں۔ چوہدری عبدالمجید نے پی ایس ایف آزاد کشمیر کے مرکزی چیئرمین سردار عبد الشکور صدیق کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایف کو فعال اور منظم بنانے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ آئندہ انتخابات میں پی ایس ایف کے نوجوان پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائیں۔ پی ایس ایف کو نظریاتی بنیادوں پر فعال اور منظم بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں جائیں اور طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمہ کیلئے ہر سطح پر جاندار کردار ادا کیا جائے۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنیوالوں میں پی ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سردار ببرک خان، سیکرٹری اطلاعات ریاست علی تبسم، ڈپٹی چیف آرگنائزر خان شمشیر، راجہ ابرار حیدر، خان نعمان اور عمران افضل شامل تھے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ جلد ہی طلبہ یونینز کی بحالی کا حتمی نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ حکومت طلبہ یونینز کی بحالی سمیت نظام تعلیم میں بہتری لانے، یکساں نصاب کے نفاذ کیلئے کوشاں ہے، پی ایس ایف کے نوجوان حکومت کی کارکردگی سے عوام کو آگاہ کریں۔ قبل ازیں وزراء سمیت دیگر وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنا دہرا معیار ختم کر کے مسئلہ کشمیر حل کروانا ہو گا، بھارت نہ صرف دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے بلکہ ریاستی دہشت گرد بن چکا ہے جہاں اقلیتیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 530837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش