QR CodeQR Code

بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تباہی، 36 افراد جاں بحق

3 Apr 2016 21:06

اسلام ٹائمز: صوبائی ڈزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق بارشوں کا آغاز ہفتے کی رات کو ہوا، جس میں 36 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، شانگلہ میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی، چارسدہ میں تین، چترال میں دو، کبل میں 2 خواتین، خوازہ خیلہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ غور بند میں 30 گھروں پر مشتمل گاؤں سیلاب میں مکمل طور پر ڈوب گیا۔


اسلام ٹائمز۔ طوفانی بارشوں نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تباہی مچادی۔ مختلف حادثات اور طوفانی سیلابی ریلوں میں اب تک 36 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبائی ڈزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق بارشوں کا آغاز ہفتے کی رات کو ہوا۔ انہوں نے بارشوں کے باعث 36 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں کی رپورٹس کا انتظار کیا جارہا ہے۔ بارش کے باعث ضلع شانگلہ میں متعدد گھروں کی چھتیں گر گئیں، چھتیں گرنے اور بارش کے دوران دیگر حادثات میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔ چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں گھر کی چھت زمیں بوس ہوگئی، حادثے میں 9 سالہ بچہ عبداللہ ہلاک ہوا، جبکہ ایک خاتون اور 11 سالہ شاہد زخمی ہوئے۔ چترال میں گرم چشمہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے ایک شخص ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوئے۔ سوات میں کبل کے علاقے کلاگے میں 2 خواتین سیلابی ریلے میں بہہ گئی، جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔ خوازہ خیلہ میں بھی ایک شخص برساتی ریلے میں بہہ گیا جس کی لاش تلاش فوری طور پر شروع نہیں کی جا سکی۔ شانگلہ میں طوفانی بارشوں کے بعد غور بند میں 30 گھروں پر مشتمل گاؤں سیلاب میں مکمل طور پر ڈوب گیا، غوربند اور کاڑنا میں 2 رابطہ پل بھی دریا میں بہہ گئے، پورے ضلع میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا۔ برساتی نالوں میں طغیانی اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی۔ متاثرہ علاقے میں انتظامیہ فوری طور پر نہیں پہنچ سکی، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کی ہوئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 531346

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/531346/بارشوں-کے-باعث-خیبر-پختونخوا-مختلف-اضلاع-میں-تباہی-36-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org