0
Monday 4 Apr 2016 11:18

ٹیکس چوری سے متعلق ہماری باتیں سچ ثابت ہو گئیں، عمران خان

ٹیکس چوری سے متعلق ہماری باتیں سچ ثابت ہو گئیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار کے انکشافات کے بعد ٹیکس چوری سے متعلق ہماری باتیں سچ ثابت ہو گئیں۔ برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کی جانب سے آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی انتہائی خفیہ دستاویزات افشاء ہونے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی دولت باہر پڑی ہوئی ہے جس سے ٹیکس چوری سے متعلق ہماری باتیں سچ ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کے انکشاف کے بعد آئس لینڈ کے وزیراعظم مستعفیٰ ہو رہے ہیں، ہمارے الیکشن کمیشن کو بھی معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور قومی احتساب بیورو (نیب) اور فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) اب شریف خاندان کے خلاف بھی کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہو گئے۔ ان دستاویزات میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن، سعودی عرب کے فرمانروا، آئس لینڈ کے وزیراعظم اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سمیت درجنوں حکمرانوں کے نام شامل تھے۔ پاناما پیپرز کی جانب سے International Consortium of Investigative Journalists کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اس ڈیٹا میں وزیراعظم نواز شریف کے اہل خانہ کی آف شور ہولڈنگز کا ذکر بھی موجود ہے۔ ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق، وزیراعظم کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔ موزیک فانسیکا کے نجی ڈیٹا بیس سے 2.6 ٹیرا بائٹس پر مشتمل عام ہونے والی اس معلومات کو امریکی سفارتی مراسلوں سے بھی بڑا قرار دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 531428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش